چیف الیکشن آفیسر نے ویب سائٹ پر SIR 2002 کی ووٹر لسٹ دستیاب رکھی
شہریت کے ثبوت لازمی ، ریاست کے ووٹرس سے 11 مخصوص دستاویزات طلب ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے تمام 119 اسمبلی حلقوں کے لیے تیار کردہ ووٹر لسٹ (Electoral Roll ) چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے جاری کردی ہے ۔ یہ فہرست الیکشن کمیشن کے آفیشل ویب سائیٹ ceotelangana.nic.in پر دستیاب ہے جس سے شہری اپنے یا اپنے والدین کے نام درج ہونے کی جانچ آسانی سے کرسکتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے رائے دہندوں کو موقع فراہم کیا ہے کہ وہ SIR 2002 فہرست میں اپنے نام۔ والدین کے نام یا دیگر تفصیلات کی جانچ کرسکتے ہیں ۔ اسمبلی حلقہ اور پولنگ اسٹیشنس نمبر کی بنیاد پر ووٹرس کیلئے تفصیلات کو تلاش کرنا اب نہایت آسان ہوگیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اگر کسی ووٹر کا نام یا والدین کا نام SIR 2002 میں موجود ہے تو نئے SIR میں کسی اضافی دستاویز کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم جن کے نام درج نہیں ہیں ۔ انہیں تاریخ پیدائش اور شہریت سے متعلق دستاویزات لازمی طور پر جمع کرانی ہوگی الیکشن کمیشن نے ووٹرس کو تین زمروں میں تقسیم کیا ہے ۔ ( 1 ) یکم جولائی 1987 سے پہلے ہندوستان میں پیدا ہونے والے رائے دہندوں کو اپنی تاریخ پیدائش ثابت کرنے والی دستاویز دینا لازمی ہے ۔ ( 2 ) یکم جولائی 1987 سے 2 دسمبر 2004 کے درمیان پیدا ہونے والوں کو اپنے والدین ( ماں یا باپ ) کی تاریخ اور جائے پیدائش کی تصدیق کرنی ہوگی ۔ ( 3 ) 2 ڈسمبر 2004 کے بعد پیدا ہونے والوں کو اپنے والدین کی تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش سے متعلق ثبوت دینا ہوگا ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ووٹرس کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ انہیں کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل نہیں ہے ۔ الیکشن کمیشن نے شہریت و شناخت کی تصدیق کے لیے 11 اقسام کی دستاویزات کو تسلیم کیا ہے، جن میں پیدائش کا سرٹیفیکٹ ، 10 ویں کلاس یا دیگر تعلیمی اسنادات ، پاسپورٹ ، کسی سرکاری ادارے ، بنک ، پوسٹ آفس ، یا مقامی حکومت کی جانب سے جاری کردہ شناخت کارڈ یا سرٹیفیکٹ ، یہ تمام دستاویزات حکومت ، مقامی اداروں یا پبلک سیکٹرس کے ذریعہ جاری ہونی چاہئے ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ مستقل رہائش کا سرٹیفیکٹ OBC/SC/ST یا ذات کا تصدیقی سرٹیفیکٹ ، نیشنل رجسٹرار آف سینسیس ، ریاستی حکومت یا مقامی اداروں کی جانب سے تیار کردہ فیملی رجسٹر ، زمین یا مکان الاٹ کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری دستاویزات یہ تمام دستاویزات ، شہریوں کی شہریت ، رہائش اور خاندانی شناخت کے سرکاری ثبوت کے طور پر استعمال کی جاسکیں گی ۔ الیکشن کمیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تفصیلات کی تصدیق کے لیے بروقت ویب سائٹ پر جاکر معلومات چیک کریں تاکہ آئندہ انتخابات میں کسی بھی دشواری سے بچا جاسکے ۔ 2