حیدرآباد: ریاست کے ۱۷؍ پارلیمانی حلقہ جات میں ۱۱؍ اپریل کو رائے دہی ہونے جارہی ہے ۔ تمام الیکشن کے متعلق عہدیداروں کو ان کی ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں ۔ تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر مختلف علاقوں میں پولیس نے 37کروڑ 76لاکھ 53ہزار 263 روپے ضبط کئے ہیں ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جتیندر نے آج میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ رقومات حیدرآباد ، سائبر آبا د اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں ضبط کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابا ت کو آزادنہ اور منصفانہ بنانے اور لاء اینڈ آرڈر کی برقرار کیلئے تمام انتظاما ت مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ جتیندر نے کہا کہ ان انتظامات کیلئے پولیس کو خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں رائے دہی کے مراکز کی تعداد جملہ 34,603ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پر امن انتخابات کیلئے پوری پولیس فورس سے مدد لی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مرکزی فورسس کی ۱۴۵؍ کمپنیاں بھی ہمیں سونپی ہیں جبکہ رائے دہی کے لئے عوام میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس کی ۲۵؍ کمپنیاں ، کرناٹک ، ہریانہ ، راجستھان ، ہماچل پردیش او رجھارکھنڈ سے تقریبا دس ہزار ہوم گارڈس کی خدمات حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے دن کسی بھی مشکل مقام پر پہنچنے کیلئے چیف الکٹورل آفیسر سے مشاورت کے ذریعہ ایمبولینس او رہیلی کاپٹرس کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دفتر ڈائریکٹر جنرل پولیس میں ایک مرکزی کنٹرول قائم کیا گیا ہے جو ۱۱ ؍ اپریل کو صبح ۶؍ بجے سے کام کرنا شروع کردے گا ۔ اسی دورا ن دونوں ریاستوں میں رائے دہی کے پیش نظر تین دن ۹؍ تا ۱۱؍ اپریل تک شراب کی دکانا ت بند رکھنے کے الیکشن کمیشن نے احکامات جاری کئے ہیں ۔ سرکاری عہدیداروں کے مطابق آندھراپردیش او رتلنگانہ میں منگل کے شام کے چھ بجے سے جمعرات کی شام چھ بجے تک شراب کی دکانا ت بند رکھے جائیں گے ۔ یہ احکامات محکمہ آبکاری کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس کے کوئی اس حکم کی خلاف ورزی کرے گا تو ا سکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ پولیس کی جانب سے پر امن انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ریاست بھر میں رائے دہی مراکز کے قریب سیکشن ۱۴۴؍ نافذ کیا گیا ہے ۔