اراضیات کی بھی نشاندہی ۔ 15000 کروڑ کی سرمایہ کاری ہوگی
حیدرآباد۔ امریکی عالمی ٹکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ امکان ہے کہ تلنگانہ میں اپنا ایک ڈاٹا سنٹر قائم کرے گی جس کیلئے 15,000 کروڑ کی سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے ۔ باخبر ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ مائیکروسافٹ کی جانب سے پہلے ہی شہر میں ایک ڈیولپمنٹ سنٹر قائم کیا جاچکا ہے اور شہر کے ڈاٹا سنٹر ہب کے طور پر ابھرنے سے فائدہ اٹھانے کیلئے کمپنی یہاں اپنا بھی بڑا ڈاٹا سنٹر قائم کرسکتی ہے ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے اس کام کیلئے شہر میں کچھ مقامات پر اراضی کی نشاندہی کرلی ہے اور وہاں ڈاٹا سنٹر قائم کیا جاسکتا ہے ۔ ایک سرکاری عہدیدار نے کہا کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے تلنگانہ میں ڈاٹا سنٹر کے قیام کی کوششیں چل رہی ہیں۔ کمپنی کو اپنی گلوبل ٹیم سے کچھ منظوریوں کا انتظار ہے اور بہت جلد اس سلسلہ میں ایک اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ مائیکرو سافٹ نے تاہم اس پر باضابطہ اپنی جانب سے کوئی اعلان نہیں کیا ہے ۔ چونکہ حیدرآباد ایک ڈاٹا سنٹر ہب کے طور پر ابھر رہا ہے ایسے میں کئی عالمی اور مقامی کمپنیوں کی جانب سے یہاں اپنے مراکز قائم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ شہر میںان کمپنیوں کیلئے بہترین ماحول بھی فراہم کیا جا رہا ہے اور یہ طبقات الارض کے اعتبارس ے بھی محفوظ مقام سمجھا جاتا ہے ۔