گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بھی معمول سے زیادہ بارش۔ مانسون سرگرم
حیدرآباد۔ جنوب مغربی مانسون کے سرگرم رہنے کے نتیجہ میں گریٹر حیدرآباد علاقہ میں ماہ جولائی میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے جبکہ جولائی کا مہینہ ختم نہیں ہوا ہے ۔ جولائی کو مانسون کے عروج کا مہینہ سمجھا جاتا ہے اور اس میں وقفہ وقفہ سے اچھی بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب ماہ اگسٹ اور ستمبر میں بھی بارش ہوگی اور یہ بارش مانسون ختم ہونے تک معمول سے زیادہ ہی رہے گی ۔ گذشتہ سال جولائی میں موسم خشک تھا اور کم بارش ہوئی تھی ۔ اس سال تاہم مانسون ریاست میں سرگرم ہے اور دارالحکومت میں بھی اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تلنگانہ پلاننگ ڈیولپمنٹ سوسائیٹی کے بموجب گریٹر حیدرآباد میں یکم جون سے 23 جولائی کے درمیان 224.6 ملی میٹر بارش معمول کی بارش ہے تاہم اس بار اس وقفہ کے دوران 318.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ رنگا ریڈی میں 203.5 ملی میٹر بارش معمول کے مطابق ہے جبکہ 285.5 ملی میٹر بارش ہوئی جو معمول سے زیادہ ہے ۔ اسی طرح میڑچل ۔ ملکاجگری میں بھی 272.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ 239.6 ملی میٹر بارش معمول کے مطابق ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ میں معمول سے 30 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اعداد و شمار کے بموجب 33 اضلاع میں صرف نرمل اورنظام آباد ایسے ہیںجہاں معمول سے کم بارش ہوئی جبکہ دوسرے تمام اضلاع میں اچھی بارش ہوئی اور معمول سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گریٹر حیدرآباد حدود میں ماہ جولائی کے ختم سے قبل جو بارش ہوئی وہ معمول سے 50 فیصد زیادہ قرار دی جا رہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں جملہ 47 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سالانہ 82 سنٹی میٹر بارش معمول کے مطابق ہے ۔ میدک میں سب سے زیادہ 69 سنٹی میٹر بارش ہوئی جس کے بعد بھدرا چلم ہے جہاں 63 سنٹی میٹر اور محبوب آباد میں 62 سنٹی میٹر بارش ہوئی ۔ حکیم پیٹ میں سب سے کم 21 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ریاست میں جملہ 12 موسمی اسٹیشن ہیں جہاں یومیہ بارش ریکارڈ کی جاتی ہے ۔