زیرزمین پانی کی سطح میں 2.99 میٹر تک اضافہ، سرسلہ ڈسٹرکٹ سرفہرست
حیدرآباد 5 جنوری (سیاست نیوز) کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم اور مشن کاکتیہ کے تحت تالابوں کی مرمت جیسے حکومت کے اقدامات کے مثبت اثرات اب نظر آرہے ہیں۔ ریاست بھر میں زیرزمین پانی کی سطح میں ایک متاثرکن اضافہ ریکارڈ کیا گیا اس طرح تلنگانہ میں اوسط سطح 2.99 میٹر تک پہنچ گئی۔ اسٹیٹ گراؤنڈ واٹر ڈپارٹمنٹ کے مطابق 2019-20 کے واٹر ایر کے دوران 31 ڈسمبر تک ریاست کے تمام 33 اضلاع میں زیرزمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ اس میں سرسلہ سرفہرست ہے اور عادل آباد ڈسٹرکٹ میں سب سے کم اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گراؤنڈ واٹر ڈپارٹمنٹ نے ڈسمبر 2019 ء کے دوران تلنگانہ کے 33 اضلاع میں 589 منڈلس کا احاطہ کرتے ہوئے 964 پیزو میٹرس (مانیٹرنگ اسٹیشنس) کے ذریعہ پانی کی سطح کی مانیٹرنگ کی۔ ڈائرکٹر گراؤنڈ واٹر ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر پنڈت مدھیور نے ان کی رپورٹ میں کہاکہ ڈسمبر 2019 ء کے دوران ڈسمبر 2018 ء کے مقابل ریاست میں زیرزمین پانی کی سطح میں 2.99 میٹر کا اضافہ ہوا اور یہ اضافہ تمام اضلاع میں ہوا۔ کم سے کم اضافہ 0.13 میٹر عادل آباد ڈسٹرکٹ میں ریکارڈ کیا گیا اور سب سے زیادہ اضافہ 8.12 میٹر سرسلہ ڈسٹرکٹ میں ہوا۔ جمعہ کو جاری کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا کہ واٹر ایئر 2019-20 کے دوران ریاست میں 31 ڈسمبر 2019 ء تک (جون 2019 ء سے) معمول کی بارش 845mm کے مقابل 964mm بارش ہوئی اور یہ 519mm (جوگولامبا) سے 1574mm (ملگ) تک کے رینج میں ہوئی اور اس طرح اس موسم میں ریاست میں 14% زیادہ بارش ہوئی۔ بارہ اضلاع کاماریڈی، ونپرتی، پداپلی، محبوب نگر، ملگ، بھوپال پلی، نظام آباد، نارائن پیٹ، سدی پیٹ، راجنا سرسلہ، کریم نگر اور ورنگل (اربن) میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی۔