آئندہ دنوں میں شہر میں درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہونچنے کا اندیشہ ۔ عوام احتیاط کریں
حیدرآباد۔یکم مارچ ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں موسم گرما کی شدت بڑھنے لگی ہے اور جاریہ ماہ شہر میں درجہ حرارت 38 ڈگری سے تجاوز کرسکتاہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہاگیا کہ جاریہ ماہ کے آغاز کے ساتھ ہی تلنگانہ کے بیشتراضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا اور آئندہ دنوں میں گرمی لہروں کا سلسلہ شروع ہونے کا خدشہ ہے ۔ شہریوں کو گرمی سے محفوظ رہنے اقدامات کویقینی بنانا چاہئے اور موسم گرما میں لو لگنے کے واقعات سے محفوظ رہنے زیادہ پانی کے استعمال و تازہ پھلوں کے جوس اورلیمو پانی کے استعمال میںاضافہ کے ساتھ دھوپ کے وقت گھروں سے نکلنے سے اجتناب کی تاکید کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ تلنگانہ میں موسم گرما کی آمد اور درجہ حرارت میں اضافہ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور جاریہ ماہ کے وسط میں درجہ حرارت 38ڈگری شہر میں تجاوز کرنے کا امکان ہے جبکہ دیگر اضلاع میں ان ایام میں درجہ حرارت 40ڈگری سے تجاوز کرنے کا اندیشہ ہے۔ دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر گرمی کی شدت میں اضافہ کے پیش نظر پینے کے پانی کی سبیلیں لگائی جانے لگی ہیں جو موسم گرما کے دوران عوامی مقامات پر مفت پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کی روایت ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ 3مارچ تا 7 مارچ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں گرمی عروج پر پہونچ سکتی ہے اور دونوں شہروں و نواحی علاقوں میں درجہ حرارت 34تا36 ڈگری ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ بھدادری ‘ کھمم ‘ ملوگو‘ بھوپل پلی‘ منچریال ‘ عادل آباد آصف آبادکے علاوہ شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرجانے کا خدشہ ہے۔ محکمہ صحت سے موسم گرما میں احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق دونوں شہروں میں گرما کی شدت میں بتدریج اضافہ کے دوران درجہ حرارت میں بھی معمول سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔3
ماؤسٹ لیڈر امیتبابھ باگچی کو 16 سالہ بعد ضمانت
حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ممنوعہ سی پی آئی ماؤسٹ کے پولیٹ بیورو رکن امیتابھ باگچی کو ضمانت منظور کی ہے۔ کریم نگر پولیس نے 2008 کے ایک مقدمہ کے سلسلہ میں امیتابھ باگچی کو گرفتار کیا تھا اور 16 سال تک قید کے بعد 74 سالہ باگچی ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد چرلاپلی جیل سے رہا ہوئے۔ جسٹس جے سریدیوی نے ضمانت منظور کرکے سیشن جج کے احکامات کو کالعدم کردیا جس میں سیشن جج نے ضمانت کو منسوخ کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ تحت کی عدالت کو اپنے فیصلے کو منسوخ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحقیقاتی ایجنسیوں کو ضمانت پر اعتراض ہو تو وہ اعلیٰ عدالت سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ 1