تلنگانہ میں مہا لکشمی اسکیم سے 42 لاکھ 90 ہزار افراد کا استفادہ

   

500 روپئے میں گیس سلینڈر کی فراہمی ۔ کوئی درخواست زیر التواء نہیں۔ محکمہ سیول سپلائز

حیدرآباد 15 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں کانگریس اقتدار میں شروع کی گئی مہا لکشمی اسکیم کے تحت 500روپئے میں گیاس سیلنڈر کی اسکیم سے استفادہ کنندگان کی تعداد 42 لاکھ 90 ہزار 246تک پہنچ چکی ہے اور محکمہ سیول سپلائز کے پاس 500 روپئے گیاس سیلنڈر اسکیم کیلئے کوئی درخواست زیر التواء نہیں ہے ۔ جو درخواستیں موصول ہوئی تھیں ان کی محکمہ سے تنقیح کے بعد یکسوئی کرلی گئی ہے ۔ ریاست میں کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا اور اب اس پر عمل کا آغاز ہوچکا ہے ۔قانون حق آگہی 2005 کے تحت درخواست کے جواب میں محکمہ سیول سپلائز نے بتایا کہ ریاست میں اس اسکیم پر عمل کا آغاز ہوچکا ہے اور اس کے استفادہ کنندگان کی تعداد میں آئندہ دنوں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ جناب کریم انصاری جو آر ٹی آئی جہد کار ہیں نے محکمہ سیول سپلائز کو درخواست میں استفسار کیا تھا کہ ریاست میں کتنے استفادہ کنندگان 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر حاصل کر رہے ہیں ۔ اس کے جواب میں محکمہ نے بتایا کہ جملہ 42 لاکھ 90ہزار 246 صارفین اس اسکیم سے استفادہ کر رہے ہیں اور بلدیہ حیدرآباد کے حدود میں استفادہ کنندگان کی تعداد 3 لاکھ 84ہزار 518ہے جبکہ دوسرے نمبر پر ضلع نلگنڈہ ہے جہاں 2 لاکھ 34 ہزار 997 صارفین کو 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر فراہم کیا جا رہاہے ۔ کھمم میں 2 لاکھ 29 ہزار 37 صارفین اس سے استفادہ کر رہے ہیں جبکہ 2لاکھ19ہزار336 صارفین نظام آباد میں استفادہ کر رہے ہیں ۔ حکومت کی اس اسکیم میں سب سے کم استفادہ کنندگان کی تعداد نارائن پیٹ میں ہے جہاں سے محض 58 ہزار 679 صارفین 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اسکیم سے استفادہ کر رہے ہیں۔درخواست میں بتایا گیا کہ حکومت سے اس اسکیم کیلئے بجٹ 2024-25 میں 723.33 کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ مالی سال 2023-24 کیلئے 80 کروڑ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں اسی طرح علیٰ الحساب بجٹ میں اس کیلئے 241.10 کروڑ مختص کرکے مہالکشمی اسکیم میں جاری کئے گئے ہیں اور مزید رقومات کی اجرائی کا عمل بھی جاری ہے۔3