تلنگانہ میں نئی سیاسی جماعت کے لیے کوئی جگہ نہیں

   


چیف منسٹر کی تبدیلی کیلئے ٹی آر ایس قائدین عوام میں غلط فہیماں پیدا کررہے ہیں : جیون ریڈی
حیدرآباد :۔ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل سابق وزیر جیون ریڈی نے کہا کہ ریاست میں نئی سیاسی جماعت کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس کے قائدین کی جانب سے چیف منسٹر کی تبدیلی کی مہم چلانے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کی دختر کی جانب سے نئی پارٹی تشکیل دینے سے تعلق جاری افواہوں پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں مزید ایک اور نئی سیاسی پارٹی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور نہ ہی ریاست میں اس طرح کا کوئی خلاء پایا جاتا ہے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی وجہ سے راج شیکھر ریڈی چیف منسٹر کے عہدے پر فائز ہوئے تھے ۔ راج شیکھر ریڈی کے حامی کس طرح شرمیلا کی جانب سے تشکیل دی جانے والی پارٹی میں شامل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی متبادل صرف کانگریس پارٹی ہے ۔ ریاست میں بی جے پی کا بھی کوئی وجود نہیں ہے ۔ صرف مذہبی منافرت پھیلاتے ہوئے بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ مگر اس میں بی جے پی کبھی کامیاب نہیں ہوگی اور نہ ہی ریاست کے عوام فرقہ پرستی کو فروغ دینے میں بی جے پی کی کوئی مدد کریں گے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ تعجب کی بات ہے حکمران ٹی آر ایس جماعت کے قائدین ہی چیف منسٹر کی تبدیلی کی مہم چلا رہے ہیں ۔ اس مہم سے ایسا لگتا ہے کہ کے سی آر چیف منسٹر عہدے کے اہل نہیں ہے ۔ اس لیے پارٹی کے قائدین ان کے فرزند کو چیف منسٹر بنانے کی مہم چلا رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس قائدین کی اس مہم سے چیف منسٹر کے سی آر کے بارے میں عوام میں غلط پیغام پہونچ رہا ہے ۔ دوسری طرف کے سی آر سرگرم ہوگئے چند محکمہ جات کا جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے عوام کو یہ بتانے کی کوشش کررہے ہیں آج بھی وہی چیف منسٹر ہیں ۔۔