بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں، ایم ایل سی الیکشن میں ٹی آر ایس کو شکست کا خوف
حیدرآباد۔3 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ اصل مقابلہ کانگریس اور ٹی آر ایس کے درمیان رہے گا جبکہ بی جے پی کو تیسرا مقام حاصل ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ بی جے پی قائدین تلنگانہ میں اقتدار کا خواب دیکھ رہے ہیں جو کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی تلنگانہ میں کوئی خاطر خواہ مظاہرہ نہیں کرپائے گی ۔ انہوں نے راہول گاندھی کے بارے میں پرشانت کشور کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ کانگریس کو پرشانت کشور کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ معلومات کے بغیر ہی کانگریس کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ اگر پرشانت کشور گاندھی بھون آئیں تو پتہ چلے گا کہ کانگریس میں کتنے پرشانت کشور ہیں۔ پارٹی کا ہر قائد پرشانت کشور ہے اور ان سے بہتر صلاحیتوں کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس سے کوئی دوستی نہیں ہوگی اور صرف مقابلہ رہے گا۔ کس پارٹی سے مفاہمت کی جائے ، اس کا فیصلہ مقامی سطح پر نہیں بلکہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کریں گے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ مجالس مقامی کی میدک ایم ایل سی نشست پر شکست کے خوف سے ٹی آر ایس نے ان کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ کانگریس پارٹی اس حلقہ سے مقابلہ کر رہی ہے اور 230 ووٹ کانگریس کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراس ووٹنگ سے بچنے کے لئے ٹی آر ایس کے 300 عوامی نمائندوں کو جنوبی ہند کے دورہ پر روانہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر کے ایشور نے فون پر عوامی نمائندوں کو دھمکیا دی ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ الیکشن کمیشن کو ریاستی وزراء کی سرگرمیوں پر نظر رکھنی چاہئے۔ ر