503 جائیدادوں کی نشاندہی، گروپ 2 تا 4 کیلئے علحدہ جائیدادوں کی نشاندہی، مقامی امیدواروں کو 95 فیصد تحفظات
حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں پہلی مرتبہ گروپ I جائیدادوں کیلئے نوٹیفکیشن کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد گروپ II جائیدادوں کے علاوہ پولیس کانسٹبلس، ٹیچرس، زراعت اور آبپاشی محکمہ جات میں تقررات کئے گئے لیکن گروپ I کیلئے نوٹیفکیشن آج تک جاری نہیں ہوا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے آج اسمبلی میں گروپ I نوٹیفکیشن کی اجرائی کا اعلان کیا جس کے تحت 503 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ گروپ I امتحانات کی تیاری کرنے والے امیدواروں کیلئے یہ اعلان خوشخبری ثابت ہوا۔ گروپ I کے تحت جو جائیدادیں تقررات کے تحت آتی ہیں ان میں ڈپٹی کلکٹر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس زمرہ II ، کمرشیل ٹیکس آفیسر، ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر، ڈسٹرکٹ رجسٹرار، ڈیویژنل فائر آفیسر، ریوینو ڈیویژنل آفیسر، اسسٹنٹ ایکسائیز سپرنٹنڈنٹ، ڈسٹرکٹ سوشیل ویلفیر آفیسر، میونسپل کمشنر، اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر، اسسٹنٹ ٹریژری آفیسر، ڈسٹرکٹ ایس ٹی ویلفیر آفیسر، میونسپل کمشنر گریڈ II ، منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر، ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ آفیسر، ڈسٹرکٹ بی سی ویلفیر آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر لیبر، کوآپریٹیو سرویس ڈپٹی رجسٹرار، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر اور دوسرے عہدے شامل ہیں۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ صدارتی حکمنامہ کے مطابق گروپ I جائیدادوں کیلئے مقامی امیدواروں کو تحفظات فراہم کئے جائیں گے اور لوکل ریزرویشن کے تحت آنے والی جائیدادوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ سابق میں جاری کردہ احکامات کے مطابق آر ڈی او، ڈی ایس پی، سی ٹی او، آر ٹی او، ڈسٹرکٹ رجسٹرار، ایکسائیز سپرنٹنڈنٹ جیسی جائیدادیں لوکل ریزرویشن کے دائرہ کار میں نہیں تھیں لیکن چیف منسٹر نے ان جائیدادوں کو بھی لوکل ریزرویشن کے زمرہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ سابق میں 60 تا 80 فیصد لوکل ریزرویشن تھا لیکن اس مرتبہ 95 فیصد لوکل ریزرویشن رہے گا۔ مقامی امیدواروں کو ان کے آبائی ضلع، زون، ملٹی زون میں 95 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے تاہم دیگر اضلاع، زون اور ملٹی زون کے امیدواروں کو 5 فیصد اوپن کوٹہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار اپنے ضلع کیڈر اور زونل کیڈر عہدوں کیلئے زیادہ اہل ہوں گے۔ ریاست میں 33 اضلاع کے تحت 7 زون ہیں۔ حکومت نے مختلف گروپس کے نوٹیفکیشن کیلئے جائیدادیں مختص کی ہیں۔ر
گروپ 1 …… 503
گروپ 2 …… 582
گروپ 3 …… 1373
گروپ 4 …… 9168