تلنگانہ میں ڈیلٹا کا کوئی کیس نہیں، حکومت تیسری لہر سے نمٹنے تیار

   

Ferty9 Clinic

ہائی کورٹ میں ڈائرکٹر پبلک ہیلت کی رپورٹ، ماسک کے عدم استعمال پر کارروائی ، مختلف محکمہ جات کی جانب سے ہائیکورٹ میں رپورٹ کی پیشکشی

حیدرآباد۔7 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج ریاست میں کورونا کی صورتحال پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل اجلاس پر محکمہ جات ، صحت ، تعلیم ، پولیس ، جیل اور بہبودیٔ خواتین و اطفال کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ڈیلٹا + ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت مکمل طور پر چوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا ویرینٹ سے زیادہ ڈیلٹا + کے خطرناک اور مہلک ہونے کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں ہے ۔ ریاست میں ابھی تک ڈیلٹا پلس کا ایک بھی کیس منظر عام پر نہیں آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی جانب سے تیسری لہر کے امکانات کے پیش نظر محکمہ صحت نے مکمل چوکسی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر مشتمل حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ سرکاری دواخانوں میں آئندہ ایک ماہ کے دوران بستروں کو آکسیجن سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ سرینواس راؤ کے مطابق ریاست میں ابھی تک ایک کروڑ 14 لاکھ کورونا ٹیکہ اندازی کی گئی ہے ۔ ان میں سے 16.39 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین کی دونوں خوراک دی جاچکی ہیں۔ 81.42 لاکھ افراد نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کی ہے۔ حکومت مزید ایک کروڑ 75 لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی کا منصوبہ تیار کرچکی ہے ۔ تعلیمی اداروں میں 1.40 لاکھ ٹیچرس اور دیگر عملہ کی ٹیکہ اندازی مکمل کرلی گئی ۔ بیرونی ممالک تعلیم کیلئے جانے والے طلبہ کے لئے ٹیکہ اندازی کے 11 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ روزانہ ایک لاکھ 12 ہزار کے قریب کورونا ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں کورونا کی مثبت شرح 0.78 فیصد تک گھٹ چکی ہے۔ خانگی دواخانوں میں کورونا کے علاج اور معائنوں کے لئے حکومت نے شرحوں کا تعین کرتے ہوئے جی او جاری کیا ہے ۔ جی او کی خلاف ورزی کرنے والے دواخانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف پولیس کارروائی کرے گی ۔ عوام مقامات پر ماسک استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے مطابق 20 جون سے 5 جولائی تک 87890 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور جرمانہ کے طور پر 52 کروڑ روپئے عائد کئے گئے ۔ ریاست کی جیلوں میں موجود قیدیوں کی ٹیکہ اندازی کا عمل جاری ہے ۔ 732 قیدیوں کو کورونا کی دونوں خوراکیں جاچکی ہیں جبکہ 6127 قیدیوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ۔ مزید 1244 قیدیوں کو ویکسین دی جانی باقی ہے۔ محکمہ بہبودیٔ خواتین و اطفال نے عدالت کو بتایا کہ کورونا سے فوت ہونے والے والدین کے بچوں کی نگہداشت کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ہر ایک یتیم بچے کی نگہداشت کے لئے نوڈل آفیسر کا تقرر کیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر محکمہ تعلیم نے عدالت کو بتایا کہ کورونا سے طلبہ کو بچانے کیلئے آن لائین کلاسس کا آغاز کیا گیا ہے اور حکومت نے اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے بتایا کہ ریاست کے 231 دواخانوں کے خلاف زائد چارجس کی وصولی سے متعلق 594 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ 38 شکایات کی یکسوئی کرتے ہوئے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو دواخانوں سے 82 لاکھ 64 ہزار روپئے واپس دلائے گئے ۔