ریاست کے تابناک مستقبل کیلئے نیک تمنائیں، یوم تاسیس پر ویڈیو پیام جاری
حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد سونیا گاندھی نے 10 ویں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کی عوام کو مبارکباد دے کر یقین دلایا کہ تلنگانہ کی ریونت ریڈی کی کانگریس حکومت عوام سے ضمانتوں کی تکمیل میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ سونیا گاندھی جو یوم تاسیس تقاریب میں مہمان خصوصی تھیں خرابی صحت کے باعث شریک نہیں ہوسکیں ۔ انہوں نے ایک ویڈیو پیام جاری کیا جس میں ہندی میں خطاب کرکے تلنگانہ عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پیام کی شروعات ماں تلنگانہ کے اُن اَن گنت شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں جو اس عظیم ریاست کے قیام کیلئے شہید ہوئے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ میں نے 2004 میں کریم نگر میں تلنگانہ عوام سے وعدہ کیا تھا کہ کانگریس علحدہ ریاست کے خواب کو پورا کرے گی۔ اس بیان کے بعد میری پارٹی کیڈر میں ناراضگی پیدا ہوئی اور کئی افراد نے پارٹی چھوڑ دی لیکن آپ کی ہمت اور عہد نے مجھے تلنگانہ کے خواب کو پورا کرنے کی طاقت، ہمت اور جذبہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 برسوں میں تلنگانہ عوام نے مجھے بہت پیار اور سمان دیا ہے۔ آپ نے ہماری پارٹی کو ایک مضبوط تلنگانہ کی تعمیر کیلئے جو ذمہ داری سونپی ہے میں ان خوابوں کو پورا کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتی ہوں۔ آج اس عظیم موقع پر آپ تمام کو وشواس دلاتی ہوں کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی حکومت اپنی ضمانتوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ 10 ویں یوم تاسیس پر تلنگانہ کی ترقی اور تابناک مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں۔ سونیا گاندھی نے ’ جئے ہند‘ اور ’ جئے تلنگانہ‘ پر اپنا پیام مکمل کیا۔1