تلنگانہ میں کانگریس کی آندھی، کے سی آر اور بی آر ایس کو اڑا لے جائیگی: راہول گاندھی

   

مجلس پر بی جے پی کی مدد کا الزام، تلنگانہ صرف ایک خاندان کیلئے نہیں بنایا گیا، چار اسمبلی حلقہ جات میں انتخابی ریالیوں سے خطاب
حیدرآباد ۔17۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس آندھی میں کے سی آر اور ان کی پارٹی کا وجود باقی نہیں رہیگا۔ ریاست میں کانگریس کا طوفان آرہا ہے جس کا احساس خود کے سی آر کو ہوچکا ہے۔ راہول گاندھی نے آج تلنگانہ میں کانگریس انتخابی مہم میں حصہ لے کر چار اسمبلی حلقوں میں روڈ شو اور جلسوں سے خطاب کیا ۔ راہول گاندھی نے ایک روزہ طوفانی دورہ میں پیناپاکا ، نرسم پیٹ ، ورنگل ایسٹ و ویسٹ اسمبلی حلقوں میں کانگریس کی مہم میں حصہ لیا ۔ راہول شام میں راجندر نگر میں جلسہ سے خطاب کرنے والے تھے لیکن لمحہ آخر میں یہ پروگرام ملتوی کردیا گیا ۔ راہول گاندھی چار حلقوں میں مہم کے بعد جئے پور روانہ ہوگئے۔ راہول گاندھی نے بی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ تینوں ساتھ کام کر رہی ہیں تاکہ کانگریس کو روکا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے لوک سبھا میں ہر مسئلہ پر مودی کی مدد کی ہے ۔ انہوں نے مجلس پر بی جے پی کی مدد کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس جہاں بھی بی جے پی کے خلاف مقابلہ کرتی ہے ، وہاں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے مجلس پہنچ جاتی ہے ۔ مجلس اپنے امیدواروں کے ذریعہ بی جے پی کی کامیابی میں مدد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی آر ایس میں ہے اور مجلس و بی جے پی دونوں بی آر ایس کی مدد کر رہے ہیں۔ راہول نے کہا کہ منصوبہ کے مطابق بی جے پی کی مدد بی آر ایس دہلی میں کرتی ہے جبکہ بی جے پی تلنگانہ میں بی آر ایس کی مدد کر رہی ہے۔تلنگانہ و حیدرآباد کی ترقی کانگریس کی دین ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ چیف منسٹر نے جس اسکول اور کالج میں تعلیم حاصل کی ہے وہ کانگریس نے قائم کئے ہیں۔ جن سڑکوں پر آپ گھومتے ہیں ، وہ کانگریس کی تیار کردہ ہیں۔ کانگریس نے تنہا یہ ترقیاتی کام نہیں کئے بلکہ نوجوانوں کے ساتھ ترقی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر جس حیدرآباد میں بیٹھ کر 10 سال سے لوٹ رہے ہیں، اسے کانگریس نے دنیا میں آئی ٹی مرکز بنایا ہے۔ کے سی آر سوال کرتے ہیں کہ کانگریس نے کیلئے کیا ہے ؟ کانگریس نے علحدہ تلنگانہ تشکیل دیا ہے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرکے نئی ریاست بنائی ہے۔ ریاست کو ہر سطح پر ترقی دینا ہم تمام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک خاندان کی بھلائی کیلئے تلنگانہ تشکیل نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں ، غریبوں اور دلتوں نے خوشحال تلنگانہ جو خواب دیکھا تھا ، کانگریس اس کی تکمیل کریگی ۔ راہول گاندھی نے عوام کو یقین دلایا کہ کانگریس کی 6 ضمانتوں پر عمل ضرور ہوگا۔ میری باتیں کے سی آر و مودی کی طرح کھوکھلی نہیں ہیں بلکہ کانگریس جو وعدہ کرتی ہے ، اس پر عمل کرتی ہے۔ کانگریس اقتدار میں خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے امداد حاصل ہوگی اور آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت رہے گی۔ ہر گھر کو 200 یونٹ برقی مفت دی جائیگی۔ راہول نے 24 گھنٹے زرعی شعبہ کو برقی شعبہ سے متعلق کے سی آر کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور عوام سے سوال کیا جس پر شرکاء نے نہیں نہیں کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ صرف کے سی آر کے گھر میں 24 گھنٹے بجلی سربراہ ہوتی ہے کیونکہ وہ گھر سے باہر نہیں نکلتے۔ 24 گھنٹے برقی سربراہی کا دعویٰ کھوکھلا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس کو کامیاب بنائیں تاکہ کرناٹک کی طرح ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈہ پر عمل کیا جاسکے۔