تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کیلئے پرینکا گاندھی پُرامید

   

حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد پرینکا گاندھی نے تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر ٹوئیٹ کیا۔ انہوں نے انتخابی مہم سے متعلق بعض ویڈیو کلپس پر مشتمل کلپ کو اپنے ٹوئیٹ کے ساتھ مربوط کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ خواتین جب کوئی عہد کرلیتی ہیں تو اسے پورا کرکے ہی دم لیتی ہیں، ہم تلنگانہ میں برسراقتدار آئیں گے اور عوام سے کی گئی ضمانتوں کو پورا کرکے دکھائیں گے۔ پرینکا نے لکھا کہ عوام کے ساتھ سچائی، ایمانداری اور نیکی کی راہ پر چل کر اپنی تاریخ رقم کریں گے۔ انہوں نے ’ جئے کانگریس‘ اور ’ جئے تلنگانہ‘ پر ٹوئیٹ کا اختتام کیا۔ پرینکا گاندھی نے اپنی جس تقریر کے حصہ کو وائرل کیا اس میں سونیا گاندھی کا تذکرہ ہے۔ پرینکا کے مطابق سونیا گاندھی نے انہیں تلنگانہ کی انتخابی مہم میں تقریروں کے بارے میں سوال کیا، جس پر انہوں نے بتایا کہ سچائی کی بات کہہ رہی ہیں۔ ماں نے کہا کہ عوام سے جن ضمانتوں کا وعدہ کیا گیا ہے ان کا پورا کرنا ضروری ہے۔ کانگریس کے تمام قائدین نے ضمانتوں کو پورا کرنے کا عہد کیا ہے۔