حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا 7,754نئے معاملات درج کئے گئے جس کے بعد ریاست میں معاملات کی تعداد بڑھ کر 4,43,360ہوگئی ہے ۔ ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر2,312ہوگئی ہے کیونکہ گذشتہ 24گھنٹوں میں مزید 51اموات ہوئی ہیں۔محکمہ صحت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 6,542 افراد روبہ صحت ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں اب تک اس مرض سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد 3,62,160 ہوگئی ۔ریاست میں سرگرم معاملات کی تعداد 78,888ہے ۔ گذشتہ 24گھنٹوں میں77,930 کوویڈ 19کے معائنے کئے گئے تاہم 5,186نمونوں کی رپورٹس کا انتظار ہے ۔بہ حیثیت مجموعی 1.29 کروڑ نمونوں کی جانچ ریاست میں اس مرض کے پھیلنے کے بعد سے کی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی حدود میں 1507 نئے معاملات درج کئے گئے ہیں۔بقیہ معاملات ریاست کے دیگر اضلاع میں درج کئے گئے ۔
کوویڈ کے اقدامات پر شخصی نگرانی
رکھنے چیف سکریٹری کو چیف منسٹر چندر شیکھر راو کی ہدایت
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو نے چیف سکریٹری سومیش کمار کوہدایت دی کہ وہ ریاست میں کورونا کے معاملات میں تیزی سے اضافہ پر کافی چوکس رہیں۔انہوں نے چیف سکریٹری سے خواہش کی کہ وہ دن میں تین مرتبہ صورتحال کا جائزہ لیں اور صورتحال کی شخصی طورپر نگرانی کریں۔انہوں نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریمڈیسور انجکشن، آکسیجن اور اسپتالوں میں بستروں کی کمی نہ ہونے پائے ۔چیف منسٹر نے ان کے دفتر کے سکریٹری راج شیکھرریڈی کواس کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کی نگرانی کیلئے مقرر کیا ہے ۔انہوں نے محکمہ صحت و طبابت کے تمام اعلی عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ چوکس رہیں اور ریاست کو جلد ازجلد کوویڈ کے پنجہ سے نکالنے کے لئے موثر طورپر کام کریں۔