تنقید کے بجائے اپوزیشن حکومت سے تعاون کرے ،ونود کمار کا مشورہ
حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں کسانوں کی زرعی پیداوار کی خریدی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ برخلاف اس کے تلنگانہ حکومت وعدہ کے مطابق کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت پر پیداواری اشیاء حاصل کررہی ہے۔ بی ونود کمار نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی جے پی اور کانگریس کو کورونا صورتحال کو سیاسی رنگ نہ دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں ہر کسی کو متحدہ طور پر صورتحال سے نمٹنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمت کا بھی اعلان کسی ریاست نے نہیں کیا۔ غریبوں کی امداد اور کسانوں کے تحفظ میں تلنگانہ ریاست سرِ فہرست ہے۔ ونود کمار نے حکومت کے اقدامات کی تفصیل بیان کی اور کہا کہ لاک ڈاؤن کے آغاز کے ساتھ ہی حکومت نے سفید راشن کارڈز ہولڈرس کیلئے 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے کی امداد جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ غیر مقامی ورکرس کیلئے بھی چاول اور 500 روپئے فراہم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف غریبوں کیلئے امدادی کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کوئی بھی شخص بھوکا نہ رہے اس کے لئے حکومت نے منظم حکمت عملی تیار کی ہے اور مجالس مقامی کے ذریعہ غریبوں میں کھانا تقسیم کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ میں کسان مطمئن ہیں لیکن اپوزیشن جماعتیں انہیں مشتعل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ ہر مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے حکومت سے تعاون کریں۔