تلنگانہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 13ہو گئی

,

   

برطانیہ سے واپس شخص اورانڈونیشیا کے سات افراد کے معائنے مثبت پائے گئے،خوفزدہ نہ ہونے وزیر صحت کا مشورہ

حیدرآباد۔/18 مارچ، (سیاست نیوز؍ پی ٹی آئی؍ این ایس ایس) تلنگانہ میں چہارشنبہ کو کورونا وائرس کے مزیدچند نئے کیسیس کا انکشاف ہوا جس کے ساتھ ہی اس وباء سے متاثرہ مریضوں کی تعداد مبینہ طور پر 13 تک پہنچ گئی ۔ذرائع کے مطابق انڈونیشیا کا ایک 13 رکنی گروپ مذہبی سفر پر کریم نگر پہنچا تھا اور اس گروپ میں شامل 7 افراد سمجھا جاتا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں اور ریاست کے دیگر 6 متاثرین کے ساتھ مجموعی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے۔قبل ازیںموصولہ اطلاعات کے مطابق سرکاری ذرائع نے کہا کہ ایک شخص کا معائنہ مثبت پایا گیا جو برطانیہ سے واپس ہوا تھااس کی مزید تفصیلات کا انتظار کیا جارہا ہے۔ حکومت تلنگانہ نے ہفتہ کو اس وباء سے نمٹنے کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا تھا جس میں تمام تعلیمی اداروں، کوچنگ سنٹرس اور گرمائی کیمپس کو 31 مارچ تک بند کرنا بھی شامل تھا۔ علاوہ ازیں بڑے شاپنگ مالس، سینما گھر، تفریحی مقامات کو بھی بند رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ فنکشن ہالس میں مہمانوں کی تعداد 200 سے تجاوز نہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا تاہم بورڈ امتحانات کو معلنہ شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسکاٹ لینڈ سے واپس ہونے والے شخص کا گاندھی ہاسپٹل میں علاج کیا جارہا ہے

جہاں انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے پانچویں مثبت مریض کا بھی علاج جاری ہے اور اس کی صحت مستحکم بتائی گئی ہے۔ انڈونیشیا کے سیاحوں کا 10 رکنی گروپ راما گنڈم سے شہر پہنچا تھا جن میں ایک شخص ناسازی مزاج کے سبب دواخانہ سے رجوع ہوا تھا معائنوں کے بعد وہ کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ 6 متاثرین میں پانچ ہندوستانی اور ایک بیرونی شہری شامل ہیں لیکن ایک بھی کیس تلنگانہ سے نہیں پھیلا بلکہ مسافرین متاثرہ حالت میں یہاں پہنچے تھے اور ان کے معائنے مثبت پائے گئے۔پہلے متاثرہ چار مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ اور سارا ہندوستان کورونا وائرس کی وباء سے محفوظ ہے جہاں مقامی طور پر ایک بھی واقعہ کا انکشاف نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے موثر علاج کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں اور وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سخت ترین احتیاطی اقدامات پر عمل آوری جاری ہے۔