تلنگانہ میں کورونا وباء سے نمٹنے 90 دنوں تک چوکسی

   

شہریوں کو تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے محکمہ صحت کا مشورہ
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے آئندہ 90 یوم کے دوران شہریوں کو چوکس اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ صحت اپنے طور پر مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے علاوہ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کی کوشش میں مصروف ہے جبکہ شہریوں کوبھی آئندہ 90 یوم کے دوران مستعدی اور چوکسی سے کام لیتے ہوئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے جاری کی جانے والی تمام تدابیر پر من و عن عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے موصولہ ہدایات کے مطابق محکمہ صحت پوری طرح سے چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے اور آئندہ 90 یوم کے دوران کورونا وائرس وباء کی دوسری لہر کے خدشات کے پیش نظر صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وباء کے آغاز اور پہلی لہر کے دوران جس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے اس صورتحال سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر آئندہ 90 یوم کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ متاثرین کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ 90 یوم کے دوران تہواروں اور لوگوں سے ملاقات کے موقع پر فیس ماسک کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری کے اصولوں پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں تاکہ ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پر بہتر انداز میں قابو پانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ ملک کی دیگر ریاستوں اور دنیا کے دیگر ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا جائزہ لیتے ہوئے ریاستی محکمہ صحت اور حکومت کی جانب سے منظم حکمت عملی تیار کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جار ہی ہے کہ دوسری لہر کے دوران مریضوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہ ہو بلکہ عوام کے تعاون کے ذریعہ ریاست میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے تیار کیا جائے تاکہ متاثرین کی تعداد میں کمی کے ساتھ ساتھ بہتر انداز میں صورتحال سین نمٹا جاسکے۔