تلنگانہ میں کورونا کا قہر جاری، 2207 نئے پازیٹیو کیس

   

کم عمر افراد میں وائرس کا پھیلاؤ تشویشناک، ایک دن میں 12 اموات
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں گذشتہ تین دنوں کے دوران کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ چہارشنبہ و جمعرات کے درمیان ریاست میں 2207 نئے پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے ہیں جو ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے علاوہ 12 افراد کورونا سے فوت ہوئے۔ فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر601 ہوچکی ہے جبکہ پازیٹیو کیس75257 سے تجاوز کرچکے ہیں۔ ریاست میں کورونا کے ایکٹیو کیسس کی تعداد 21417 ہے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہیلت بلیٹن کے مطابق 24 گھنٹوں میں 1136 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 53239 ہوچکی ہے۔ ریاست میں ریکوری کی شرح 70.7 فیصد ہے۔ 21417 ایکٹیو کیسس میں 14837 مریض ہوم آئسولیشن میں ہیں جبکہ 6580 مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے اتوار کی رات تک 23495 ٹسٹ کئے گئے۔ ان میں سے 1539 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ ریاست میں کورونا پھیلاؤ کے بعد سے آج تک 5 لاکھ 66 ہزار984 ٹسٹ کئے گئے۔21 تا 50 سال عمر کے 65 فیصد سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ 25 فیصد مریضوں کا تعلق 31 تا40 سال عمر سے ہے۔ 21 تا 30 سال کے 22.1 فیصد افراد متاثر ہوئے جبکہ 18.6 فیصد مریضوں کی عمر 41 تا50 سال ہے۔ 51 تا 60 سال کے 14.7 فیصد افراد متاثر ہوئے جبکہ 60 تا70 سال کے 7.7 فیصد اور 70تا80 سال کے 2.6 فیصد افراد متاثر پائے گئے۔ کورونا کا پھیلاؤ عورتوں کے مقابلے مَردوں میںزیادہ ہے۔65.6 فیصد مرد اور 34.4 فیصد خواتین کورونا کا شکار ہوئے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 532 پازیٹیو کیس منظر عام پر آئے جبکہ دیگر اضلاع میں عادل آباد 14، کتہ گوڑم 82 ، جگتیال 36، جنگاؤں 60 ، گدوال 87 ، کاماریڈی 96 ، کریم نگر 93 ، کھمم 85، محبوب نگر 51 ، منچریال 35 ، میدک 32 ، ملکاجگری 136، ناگرکرنول 36 ، نلگنڈہ 28 ، نارائن پیٹ 15 ، نظام آباد 89، پداپلی 71 ، رنگاریڈی 196، سنگاریڈی 37 ، سدی پیٹ 28 ، سوریا پیٹ 23 ، وقارآباد 24 ، ورنگل ( اربن ) 142 اور بھونگیر میں 23 کیسس منظر عام پر آئے۔ شہر کے مقابلہ اضلاع میں کیسس کی تعداد میں اضافہ باعث تشویش ہے۔