عہدیداروں سے چیف منسٹر کی مشاورت، آکسیجن، ادویات اور انفراسٹرکچر پر توجہ کی ہدایت
حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) ملک میں کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کے لئے حکومت نے محکمہ صحت کو چوکس کردیا ہے۔ مہاراشٹرا، آندھراپردیش اور کیرالا میں کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ تمام ضلع کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کو ضروری ہدایات جاری کریں تاکہ تیسری لہر کے آغاز سے قبل ہی احتیاطی تدابیر اختیار کی جاسکیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ جس طرح تلنگانہ میں دوسری لہر پر تیزی سے قابو پایا گیا اُسی طرح تیسری لہر کی آمد سے قبل ہی سرکاری اور خانگی دواخانوں میں بہتر انفراسٹرکچر سہولتوں کو یقینی بنایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ دوسری لہر کے تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سرکاری دواخانوں میں آکسیجن کی فراہمی اور بستروں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں۔ آکسیجن سے مربوط بستروں کے علاوہ آئی سی یو بستروں کو ہر ضلع کے سرکاری دواخانوں میں تیار رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔ اسی دوران چیف سکریٹری سومیش کمار نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انھوں نے سرکاری دواخانوں میں آکسیجن کی تیاری سے متعلق پلانٹس کے قیام اور بستروں کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ حکومت نے ہر ضلع میں آکسیجن جنریشن پلانٹس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع واری سطح پر محکمہ صحت کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل تیز کریں۔ ضرورت پڑنے پر سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس اور طبی عملے کی خدمات جزوقتی طور پر حاصل کی جائیں گی۔ چیف سکریٹری نے دواخانوں میں ادویات، ڈائیگناسٹک آلات، بائیو میڈیکل آلات اور ٹسٹنگ کٹس کی فراہمی کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو علاج کے سلسلہ میں حیدرآباد آنے کی ضرورت نہ پڑے اور ہر ضلع میں اُنھیں بہتر سہولتیں حاصل ہوں۔ چیف سکریٹری نے کورونا کی صورتحال اور دواخانوں میں سہولتوں کے بارے میں وقتاً فوقتاً جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔
