تلنگانہ میں کورونا کیسس میں بتدریج اضافہ، 403 نئے کیسس

   

حیدرآباد میں 240 کیس، عوام کو کوویڈ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ڈائرکٹر پبلک ہیلت کا مشورہ،ماسک اور سماجی دوری کو لازمی کرلیں

حیدرآباد۔/21جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا کیسس میں ریکارڈ اضافہ درج ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 403 نئے کیسس منظر عام پر آئے جبکہ 145 افراد صحت یاب ہوئے۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق اتوار اور پیر کو 26704 کورونا ٹسٹ کئے گئے جن میں 472 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ حیدرآباد میں 240 کیسس درج کئے گئے جو کورونا کیسس میں کمی کے بعد پہلی مرتبہ سب سے زیادہ ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران اوسطاً 150 تا 180 کیسس درج کئے جارہے تھے لیکن کل کے 185 کے مقابلہ آج کیسس کی تعداد 240 ہوگئی۔ رنگاریڈی میں پہلی مرتبہ 100 سے زائد کیس درج کئے گئے۔ ضلع میں کل 19 کیسس درج کئے گئے تھے جو آج بڑھ کر 103 ہوگئے ہیں۔ ملکاجگیری میں 11 کیس درج ہوئے ہیں۔ ریاست میں کورونا سے متاثرہ 2375 افراد آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ اسی دوران ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے کورونا سے بچاؤ کیلئے اڈوائزری جاری کی ہے جس میں عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کیسس کی تعداد میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے کہا کہ 10 سال سے کم عمر کے افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کو باہر نکلنے میں احتیاط کرنی چاہیئے۔ 20 تا 50 سال کے افراد زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں لہذا انہیں کوویڈ قواعد پر عمل کرنا چاہیئے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے کہا کہ ہر شخص کو ماسک کا استعمال لازمی طور پر کرنا چاہیئے خاص طور پر گھروں سے باہر نکلتے وقت استعمال کو لازمی کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ماسک کورونا کو روکنے کیلئے پہلا قدم ہے۔ انہوں نے عوامی مقامات پر سماجی دوری برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔ کام کے مقامات پر صابن اور ہینڈ واش کے علاوہ سنیٹائزر کا استعمال کیا جائے۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔ صرف ناگزیر حالات میں سفر کیا جاسکتا ہے۔ مختلف عوارض کا شکار افراد کو زائد احتیاط کا مشورہ دیا گیا۔ر