سعودی عرب سے واپس 49 افراد اور 2 مائیگرنٹس بھی متاثرین میں شامل
حیدرآباد 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں آج ایک دن میں کورونا کے 66 نئے مریض پازیٹیو پائے گئے ہیں جبکہ 51 مریض ایسے بھی ہیں جو باہر سے آئے تھے ۔ اس طرح جملہ 117 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ مقامی سطح پر جو مریض پازیٹیو پائے گئے ہیں ان کی تعداد 66 رہی ہے ۔ اس طرح ریاست میں اب تک مقامی مریضوں کی تعداد 1908 ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ مزید 51 مریض پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔ ان میں 49 مریض ایسے ہیں جو سعودی عرب سے واپس آئے ہیں جبکہ دو مریض مائیگرنٹس بتائے گئے ہیں۔ ریاست میں مائیگرنٹس جملہ 175 مریض ہیں اس کے علاوہ 143 مریض سعودی عرب سے واپس آنے والے ہیں اور دیگر بیرونی ممالک سے آنے والے 30 افراد بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ اس طرح مائیگرنٹس ‘ سعودی عرب اور دیگر ممالک سے آنے والے جملہ 348 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ریاست میں جملہ 67 افراد کورونا سے فوت بھی ہوئے ہیں۔ حکومت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اب تک جملہ 1345 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج کرکے گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں جملہ 844 مریض دواخانوں میں ہنوز زیر علاج ہیں۔ ریاست کے تین اضلاع ایسے ہیں جہاں اب تک کورونا کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے جبکہ 20 اضلاع ایسے ہیں جہاں گذشتہ 14 دن میں ایک بھی کورونا پازیٹیو کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ حکومت ہند نے جملہ 458 افراد کو سعودی عرب سے ہندوستان منتقل کیا ہے ۔ ان کو سرکاری کورنٹائن مراکز میں رکھا گیا ہے ۔ ان میں 143 افراد کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں اور ان کا علاج کیا جا رہاہے ۔ اس کے علاوہ دوسری ریاستوں سے آنے والے مائیگرنٹس میں بھی کورونا پایا گیا ہے ۔ ان مریضوں کا تعلق مہاراشٹار ‘ ٹاملناڈو ‘ مدھیہ پردیش ‘ اوڈیشہ اور بہار سے ہے ۔