حیدرآباد 14 مئی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں آج جمعرات کو کورونا وائرس کے 47 نئے پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں۔ تاہم آج کسی مریض کے فوت ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جو 47 نئے کیس سامنے آئے ہیں ان میں 40 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے ہے جبکہ 5 کا تعلق رنگا ریڈی ضلع سے ہے ۔ متاثرین میں دو تارک وطن مزدور بھی شامل ہیں۔ اس طرح آج 47 نئے پازیٹیو کیسوں کے بعد ریاست میں جملہ کورونا متاثرین کی تعداد 1414 ترک جا پہونچی ہے ۔ آج جملہ 13 مریضوں کو علاج وصحتیابی کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ اس طرح اب تک ریاست بھر میں ڈسچارج مریضوں کی تعداد 952 ہوگئی ہے ۔ اب ریاست کے دواخانوں میں جملہ 428 مریض زیر علاج بتائے گئے ہیں۔ آج رات جاری ریاستی حکومت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ تین اضلاع ورنگل ( رورل ) یادادری اور ونپرتی میں آج تک بھی ایک بھی کورونا کیس نہیں پایا گیا ہے جبکہ ریاست کے 26 اضلاع ایسے ہیں جہاں گذشتہ 14 دنوں کے دوران کسی نئے کورونا پازیٹیو کیس کی توثیق نہیں ہوئی ہے ۔