گذشتہ پانچ دن میں ریاست میں 235 مریضوں کا اضافہ ۔ وائرس کا تیز رفتار پھیلاو جاری
حیدرآباد 17 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں کورونا متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور آج جمعہ کو ریاست بھر میں کووڈ 19 سے متاثرہ مزید 66 کیسیس سامنے آئے ہیں۔ اس طرح ریاست میںاس مہلک وباء کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 766 ہوگئی ہے ۔ ایک دن قبل جمعرات کو اس وائرس سے 50 افراد متاثر ہونے کی اطلاع آئی تھی ۔ تاہم جمعرات اور جمعہ کو اس وائرس کی وجہ سے کسی کے فوت ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ جملہ تعداد میںریاست میں 562 کیسیس ایکٹیو بتائے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں گذشتہ پانچ دن کے دوران مسلسل کورونا متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ 13 اپریل کے بعد سے اب تک 235 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک میڈیا بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کو وائرس کے متاثرین میں کسی کی موت واقع نہیں ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ آج کسی بھی مریض کو صحتیابی پر دواخانہ سے ڈسچارج بھی نہیں کیا گیا ہے ۔ اب تک جملہ 186 افراد کو مختلف دواخانوں میں علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ ریاست میں اس وائرس کے پھوٹ پڑنے کے بعد سے اب تک جملہ 18 افراد اس سے فوت ہوچکے ہیں۔ کورونا متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ سے ریاستی حکومت کی جانب سے وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کی جانے والی کوششوں میں مزید مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ جمعہ کو جو 66 نئے کیس سامنے آئے ہیں ان میں 30 مریضوں کا تعلق گریٹر حیدرآباد حدود سے بتایا گیا ہے ۔ ریاست میں جو جملہ 766 کورونا متاثرین ہیں ان میں 286 کا تعلق گریٹر حیدرآباد حدود سے بتایا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ حکومت کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں اس وائرس کے پھیلنے کی رفتار تیز ہے اور دیہی علاقوں میں یہ رفتار قدرے سست ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے 209 کلسٹرس قائم کرکے انہیں کنٹینمنٹ زون قرار دیدیا گیا ہے ۔ یہاں لاک ڈاون پر سختی سے عمل آوری کی جا رہی ہے اور ان علاقوں سے عوام کی آمد و رفت کو پوری طرح بندکردیا گیا ہے ۔ ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد کل جمعرات کو ہی 700 تک پہونچ گئی تھی ۔ کل 50 نئے کیس سامنے آئے تھے ۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر کا کہنا تھا کہ جو لوگ ریاست میں متاثر ہوئے ہیں ان میں اکثریت تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کرنے والوں یا ان سے رابطے میں آنے والوں کی تھی ۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے 13 اپریل کو ہی عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ جی ایچ ایم سی حدود میں اس وائرس کی روک تھام پر زیادہ توجہ دیں۔ انہوں نے شہر کو 17 زونس میں تقسیم کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا تاکہ وائرس پر بہتر انداز میں قابو پایا جاسکے ۔
