تلنگانہ میں گذشتہ 10 دن سے روزانہ کورونا سے 50 سے زائد اموات

   

تاحال 4.75 لاکھ لوگ متاثر ، 3.96 لاکھ لوگ صحت یاب ، 2579 اموات ، 77,127 سرگرم کیسیس
حیدرآباد :۔ تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر قہر ڈھا رہی ہے ۔ گذشتہ 10 دن سے ریاست میں ہر دن 50 سے زائد اموات ہورہی ہیں ۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والے میڈیا بلیٹن میں بتایا جارہا ہے کہ ہر دن 50 سے زائد افراد کورونا سے فوت ہورہے ہیں ۔ یہ سرکاری اعداد و شمار ہے لیکن مرنے والوں کی حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہیں ۔ جس کا زندہ ثبوت ریاست کے شمشان گھاٹس اور قبرستان ہیں ۔ جہاں دن کے اجالے اور رات کے اندھیرے میں نعشوں کو جلانے کے علاوہ بڑے پیمانے پر قبرستانوں میں تدفین بھی کی جارہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے کیس کے ساتھ ساتھ شرح اموات میں بھی زبردست اضافہ درج ہورہا ہے ۔ عام دنوں میں شہر کے شمشان گھاٹ اور قبرستانوں میں تین تا 5 افراد کی آخری رسومات انجام دی جاتی تھی اور تدفین کی جاتی تھی مگر اب اس کی تعداد 5 تا 20 تک پہونچ چکی ہے ۔ ایک ہفتہ 10 دن سے ریاست میں کورونا ٹسٹوں کی تعداد گھٹا دی گئی ہے ۔ پہلے ایک لاکھ سے زائد ٹسٹ کیے جاتے تھے اب روزانہ 60 تا 70 ہزار ٹسٹ کیے جارہے ہیں ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 6026 کورونا کے نئے کیس درج ہوئے ہیں اور 52 اموات ہوئی ہیں ۔ اس طرح ریاست میں جملہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 4,75,748 لاکھ اور مرنے والوں کی تعداد 2579 تک پہونچ گئی ہے ۔ تاحال 3.96 لاکھ افراد وائرس سے مکمل صحت یاب ہوئے ہیں ۔ ریاست میں کورونا کے سرگرم کیسیس کی تعداد 77,127 ہزار ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 1115 ضلع میڑچل میں 418 ، ضلع رنگاریڈی میں 403 ، ضلع نلگنڈہ میں 368 نئے کورونا کے کیسیس درج ہوئے ہیں ۔۔