موسم کے جلد آغاز سے اس سال گرما سخت ہونے کا امکان
حیدرآباد : یہ ابھی فبروری کا مہینہ ہی ہے لیکن دن کے وقت میں لوگ گرمی کی شدت محسوس کرنے لگے ہیں ، درجہ حرارت میں محکمہ موسمیات کے بموجب اضافہ ہورہا ہے ، فی الوقت موسم کی جو حالت ہے وہ ایک ٹریلر ہوسکتی ہے اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آئندہ مہینوں میں گرمی کا موسم سخت ہوگا ۔ ریاست میں کئی مقامات پر دن کا درجہ حرارت تقریباً 30 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ تاہم ریاست میں رات کا درجہ حرارت کم برقرار ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران محبوب نگر ، میدک اور عادل آباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 32 اور 35 ڈگری سلسیس کے درمیان تھا ۔ جبکہ گزشتہ سال 1 ، 2 اور /3 فبرور ی کے دوران دن کا درجہ حرارت 30 تا 32 ڈگری سلسیس کے درمیان تھا ۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران دن کا درجہ حرارت اوسطاً 30 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ ریاست میں رات کا درجہ حرارت 14 اور 17 ڈگری سلسیس کے درمیان تھا ۔ جمعرات کو اقل ترین درجہ حرارت 11.2 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ میدک ، نلگنڈہ اور ڈنڈیگل میں میٹ آفس آبزرویشن سنٹرس کی جانب سے اقل ترین درجہ حرارت کو درج کیا جارہا ہے ۔ میٹرولوجیکل سنٹر نے جمعہ کو کہا کہ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں کم سے کم اقل ترین درجہ حرارت 14.9 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ موسمیات کے دفتر کا کہنا ہے کہ ابھی موسم سرما پوری طرح ختم نہیں ہوا ہے ۔ ایک یا دو دن تک رات کا درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا ۔ اس کے بعد رات کے درجہ حرارت میں کمی بیشی ہوگی ۔ یہ بات کے ناگارتنا ، ڈائرکٹر ریجنل میٹرولوجیکل سنٹر حیدرآباد نے کہی اور کہا کہ فی الوقت موسم کی جو حالت ہے اسے دیکھتے ہوئے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس مرتبہ موسم گرما سخت ہوسکتا ہے ۔ گزشتہ سال زیادہ تر موقعوں پر درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ تاہم اس سال گرما کے جلد شروع ہونے سے درجہ حرارت میں مزید اضافہ کے امکانات ہیں اور یہ شہر کے بعض حصوں میں 45 ڈگری سلسیس تک ہوسکتا ہے ۔