تلنگانہ میں گرمی کی شدت عوام کیلئے خطرناک

   

لو لگنے کے واقعات میں اضافہ، دھوپ میں باہر نہ نکلنے ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 10۔ اپریل (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات میں تلنگانہ نے آئندہ دو دنوں تک گرمی شدت میں اضافہ کی پیش قیاسی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق تلنگانہ میں جاریہ گرمی کی لہر کی برقراری کے نتیجہ میں عوام لو لگنے کے واقعات سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں تاکہ لو لگنے سے بچ سکیں۔ محکمہ موسمیات کے علاوہ ڈاکٹرس نے بھی عوام کو مشورہ دیا کہ وہ انتہائی ضروری کام کی صورت میں ہی باہر نکلیں ورنہ گھر میں رہنے کو ترجیح دیں کیونکہ جاریہ گرمی کی یہ لہر کئی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران شہر میں لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں لو لگنے سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ دست و قئے کے علاوہ کمزوری ، چکر اور بخار جیسے عوارض کی شکایات ملی ہیں۔ باہر کے کھانوں کے سبب بھی عوام متاثر ہورہے ہیں کیونکہ شدید گرمی کے سبب کھانے کی اشیاء

جلد خراب ہوجاتی ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے انتخابی عملہ اور عہدیداروں کو گرمی کی شدت کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عہدیداروں کے لئے مراکز رائے دہی پر ضروری ادویات رکھی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ وہ خود اپنے ساتھ ضروری ادویات رکھیں گے تاکہ کسی ہنگامی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرسکیں۔ مراکز رائے دہی پر عہدیداروں کیلئے پانی کا موثر انتظام کیا جائے گا تاکہ انہیں گرمی کے اثر سے محفوظ رکھا جائے ۔ شدید گرمی میں لاء اینڈ آرڈر کی ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس جوانوں اور عہدیداروں کیلئے احتیاطی اقدامات کرنا محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے ۔ اب جبکہ لوک سبھا انتخابات کی رائے دہی آج مقرر ہے، گرمی کی لہر اور لو لگنے کا خدشہ رائے دہندوں کیلئے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ عوام کو اپنی صحت کی برقراری کو ترجیح دینی چاہئے اور بہتر رہے گا کہ وہ صبح سے گرمی کی شدت کم ہونے تک گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ گھر میں وقفہ وقفہ سے پانی اور چھانچ کا استعمال بہتر رہے گا جس سے لو لگنے کے واقعات سے بچا جاسکتا ہے۔