63 ویں یوم تاسیس کا اہتمام، منڈل ہیڈکوارٹرس پر پرچم کشائی
حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) یوتھ کانگریس کا 63 واں یوم تاسیس آج گاندھی بھون میں منایا گیا۔ ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے کانگریس کا پرچم لہرایا۔ تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی، نائب صدر انچارج یوتھ کانگریس ونود ریڈی، نائب صدر ڈاکٹر ملوروی، نائب صدر سی ایچ کرن کمار ریڈی اور دیگر قائدین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی ناکامیوں کو عوام میں بے نقاب کرنے کی مہم شروع کریں۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ 9 اگسٹ تا 30 ستمبر یوتھ کانگریس کی جانب سے دیہاتوں کی سطح پر مہم چلائی جائے گی جس کے تحت عوام سے ملاقات کی جائے گی۔ شیوا سینا ریڈی نے بتایا کہ 9 اگسٹ تا 30 اگسٹ ہر منڈل ہیڈکوارٹر پر یوتھ کانگریس کا پرچم لہرایا جائے گا اور ہر مننڈل میں یہ پروگرام منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نوجوانوں اور طلبہ کے ساتھ دھوکہ دہی کی ذمہ دار ہے۔ انتخابات سے قبل جو وعدے کئے گئے تھے انہیں فراموش کردیا گیا۔ ونود ریڈی نے یوتھ کانگریس کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں یوتھ کانگریس کارکنوں کا اہم رول رہے گا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ الاؤنس کے وعدہ کی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ یوتھ کانگریس کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کیلئے کارکنوں کو متحرک ہونا چاہیئے۔