چیف منسٹر کے منظورہ ناموں کی فائل گورنر کی منظوری کی منتظر
حیدرآباد: تلنگانہ میں یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقررات پر جاری تعطل توقع ہے کہ جلد ختم ہوجائے گا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے ۔ گزشتہ دو برسوں سے تلنگانہ کی یونیورسٹیز وائس چانسلرس کے بغیر کام کر رہی ہیں۔ چیف منسٹر نے 10 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے ناموں کو منظوری کے لئے گورنر ٹی سوندرا راجن کے پاس روانہ کیا ہے جو یونیورسٹیز کی چانسلر ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی ، کاکتیہ ، تلنگانہ ، ستاوہانہ ، پالمور ، مہاتما گاندھی ، جے این ٹی یو حیدرآباد ، تلگو یونیورسٹی اور امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے لئے وائس چانسلرس کے ناموں کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ توقع ہے کہ کسی بھی وقت گورنر سے منظوری حاصل ہوجائے گی۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران وائس چانسلرس کے بغیر یونیورسٹیز کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ شعبہ میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے جاسکے۔ واضح رہے کہ جولائی 2019 ء سے وائس چانسلرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ حکومت نے آئی اے ایس عہدیداروں کو انچارج وائس چانسلرس کی حیثیت سے مقرر کرتے ہوئے یونیورسٹی کے روز مرہ کے کاموں کو جاری رکھا تھا۔ اسی دوران یہ معاملہ تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوا اور ہائی کورٹ نے وائس چانسلرس کے تقررات میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا ۔