تلنگانہ نے مزدوروں کا بھلائی فنڈ دیگر محکمہ جات کو منتقل کردیا

   

اتم کمار ریڈی کا الزام، پارٹی قائدین سے سوشیل میڈیا پرمشاورت

حیدرآباد۔/2مئی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت پر ورکرس اور لیبرس کی بھلائی کے سلسلہ میں غیر سنجیدہ ہونے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں نافذ کردہ لاک ڈاؤن نے مزدوروں اور ملازمین کی زندگی دوبھر کردی ہے۔ ریاستی حکومت نے بلڈنگ اور دیگر تعمیراتی ورکرس کے ٹیکس کے سلسلہ میں وصول کردہ 1000 کروڑ روپئے فنڈز کو دیگر اغراض کیلئے منتقل کردیا ہے۔ حکومت نے 350 کروڑ سیول سپلائیز کارپوریشن اور باقی رقم مختلف محکمہ جات کو منتقل کردی ہے جبکہ یہ فنڈ تعمیراتی اور دیگر ورکرس کی بھلائی کیلئے مختص تھا۔ حکومت کو چاہیئے تھا کہ اس فنڈ کا لاک ڈاؤن کے دوران استعمال کرتے ہوئے لیبر اور ورکرس کی بھلائی کو یقینی بناتی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ورکرس کی بھلائی کے بلند بانگ دعوے کئے ہیں لیکن فنڈز کی منتقلی کے ذریعہ ورکرس کو ان کے جائز حق سے محروم کردیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ریاست میں زرعی شعبہ کی ابتر صورتحال کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت کے اعلان کے باوجود کسانوں کی زرعی پیداوار کی خریدی میں تاخیر کی جارہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کسان فصلوں کی تباہی اور زرعی پیداوار کے نقصان کے اندیشے کا شکار ہیں۔ مارکٹ یارڈ میں دھان اور دیگر پیداوار رکھی ہوئی ہیں اور اگر بارش ہوتی ہے تو پیداواری اشیاء کو نقصان ہوگا۔ اتم کمار ریڈی نے مرکز اور ریاست دونوں حکومتوں پر ورکرس کے مفادات کو فراموش کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ میں 3.5 لاکھ غیر مقامی ورکرس کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ریاستی وزیر سرینواس یادو نے یہ تعداد 6 لاکھ بتائی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ 15 لاکھ سے زائد غیر مقامی مزدور تلنگانہ میں موجود ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ پارٹی کیڈر اور قائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قائدین و کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے خریدی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے زرعی پیداواری اشیاء کی حکومت کی جانب سے خریدی کو یقینی بنائے۔ اتم کمار ریڈی نے کورونا وائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے ارکان پی سی سی نائب صدور، ضلع اور سٹی کانگریس صدور اور دیگر قائدین سے آن لائن تبادلہ خیال کیا۔