تلنگانہ و اے پی کے بیروزگار نوجوانوں کو ضامن روزگار کی مفت تربیت

   

5 نومبر ادخال درخواست کی آخری تاریخ، تربیت کے ساتھ قیام و طعام مفت
حیدرآباد ۔ 26 اکٹوبر (این ایس ایس) بینکرس انسٹیٹیوٹ آف رورل اینڈ انٹرپرینر شپ ڈیولپمنٹ (بی آئی آر ای ڈی) کے زیراہتمام تلنگانہ اور آندھراپردیش کے بیروزگار نوجوانوں کو 40 یومی خودروزگار پر مبنی تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تربیت 18 نومبر تا 24 ڈسمبرکے درمیان بی آئی آر ڈی واقع راجندر نگر میں ہوگی۔ ڈائرکٹر بی آئی آر ای ڈی مسٹر ایس وجئے لکشمی نے بتایا کہ یہ تربیت ایسے مرد افراد کیلئے ہے جن کی عمر 18 تا 30 سال کے درمیان ہو۔ داخلہ پانے والوں کو مختلف ضامن روزگار کورسیس جیسے موبائیل سرویسنگ (تعلیمی قابلیت ایس ایس سی یا اس سے زائد)، ایم ایس آفس (انٹرمیڈیٹ یا اس سے زائد) اور بی کام کامیاب امیدواروں کو جی ایس ٹی کے ساتھ اکاؤنٹنگ پیاکیج کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ ڈائرکٹر انٹر پرینر شپ نے بتایا کہ داخلہ پانے والے امیدواروں کو مفت تربیت کے ساتھ طعام اور قیام کی بھی مفت سہولت رہے گی۔ کامیاب تربیت یافتگان کو سکنڈ کلاس ٹرین آمدورفت کی چارجس بھی دیئے جائیں گے۔ خواہشمند امیدواروں کو چاہئے کہ وہ اپنی درخواستیں ویب سائیٹ www.bired.org آن لائن 5 نومبر یا اس سے قبل داخل کرنا ضروری ہے۔