تلنگانہ و اے پی گورنرس و چیف منسٹرس کی دیوالی مبارکبادیں

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 4 نومبر ( سیاست نیوز ) دو تلگو ریاستوں کے گورنرس اور چیف منسٹرس نے اپنے اپنے عوام کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی ہے ۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے دیوالی کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ روشنیوں کا تہوار برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے اور وہ اس موقع پر عوام کیلئے خوشیوں اور خوشحالی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کرتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے دیوالی محفوظ انداز میں منانے کی اپیل کی ۔ گورنر آندھرا پردیش بسوا بھوشن ہری چندن نے بھی دیوالی کے موع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد دی ہے اور عوام کی زندگیوں میں امن ‘ خوشحالی اور خوشیوں کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بھی نیک تمنائیںظاہر کیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو نے بھی عوام کو دیوالی کی مبارکباد دی ہے اور کہا کہ روشنیوں کے اس تہوار کے موقع پر عوام کی زندگیوں سے تاریکی ختم ہونے کی وہ امید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ دیوالی کے موقع پر عوام کی زندگی میں مزید روشنیاں بکھریں اور انہیں خوشحالی میسر آئے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی عوام کی زندگیوں میں روشنیوں کی توقع کرتے ہوئے دیوالی کے موقع پر مبارکباد دی ہے ۔