65 ہزار سرکاری ٹیچرس کی امتحان میں شرکت ، صرف 37 ہزار ٹیچرس کامیاب
حیدرآباد۔ 11 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اساتذہ کی اہلیت کے امتحان (TET) کے تازہ نتائج نے محکمہ تعلیم میں ہلچل مچادی ہے کیونکہ سپریم کورٹ کی مقررہ تاریخ کے تناظر میں 27,712 سے زائد سرکاری ٹیچرس امتحان میں کوالیفائی نہیں ہوئے۔ گزشتہ ماہ منعقد ہونے والے اس امتحان میں 65,605 سرکاری ٹیچرس نے شرکت کی جن میں سے 37,803 اساتذہ کوالیفائی ہوئے جبکہ 42.24 فیصد کوالیفائی نہ کرسکے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا تھاکہ وہ سرکاری ٹیچرس جن کی تقرری TET کے آغاز سے قبل ہوئی اور جن کی خدمات مزید 5 سال سے زائد ہے انہیں اندرون 2 سال TET امتحان پاس کرنا لازمی ہوگا۔ بصورت دیگر ان کی ملازمت خطرے میں پڑسکتی ہے۔ اس سلسلہ میں ایک اہم حکم گزشتہ سال ستمبر میں جاری کیا گیا تھا جس کے بعد اس امتحان کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق ریاضی، جنرل سائنس اور سوشل سائنس پڑھانے والے اساتذہ کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ ریاضی اور جنرل سائنس پیپر ۔ 2 میں شریک 23,293 ٹیچرس میں صرف 11,444 (49.13) کامیاب ہوئے جبکہ سوشل سائنس پیپر۔ 3 میں 16,925 امیدواروں میں سے صرف 6,892 (40.72) فیصد ہی اہل قرار دیئے گئے۔ مجموعی طور پر سرکاری اور دیگر امیدواروں کے بشمول 1,95,181 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی جن میں 1,00,270 امیدوار کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 51.37 فیصد رہا ہے۔ نتائج کا اعلان ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن نوین نکولس نے کیا۔ اس امتحان میں جو اساتذہ کوالیفائی نہیں ہوئے انہیں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق آئندہ دیڑھ سال میں تین مواقع دیئے جائیں گے تاکہ وہ TET امتحان پاس کرسکیں۔ 2