تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو ازسر نو تشکیل دینے کا اعلان

   

رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کوحلقہ اسمبلی کریم نگر سے مقابلہ کرنے کے ٹی آر کا چیلنج
حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس کو تیسری مرتبہ اقتدار حاصل ہونے کے بعد تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی از سر نو تشکیل کرتے ہوئے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ کریم نگر میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ پروالیکا کی موت پر اپوزیشن جماعتیں چلر سیاست کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے غلط فیصلوں اور پالیسیوں سے تلنگانہ 50 سال پیچھے ہوگیا ہے۔ اگر اس مرتبہ پھر کانگریس پر بھروسہ کیا گیا تو تلنگانہ مزید 50 سال پیچھے ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر کانگریس پارٹی ایک موقع دینے کی عوام سے اپیل کررہی ہے لیکن ایک نہیں 11 مرتبہ عوام نے کانگریس کو حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کیا مگر کانگریس پارٹی ریاست کو ترقی دینے اور عوام کی فلاح و بہبود میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ کے ٹی آر نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کو اسمبلی حلقہ کرم نگر سے مقابلہ کرنے کا چیلنج کیا اور کہا کہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے باوجود بنڈی سنجے حلقہ کریم نگر کو ترقی دینے اور مرکز سے فنڈز کی اجرائی میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر شہری کے بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا وعدہ کیا لیکن دس سال مکمل ہونے کے باوجود کسی ایک بھی شہری کے بینک کھاتہ میں 15 لاکھ روپئے جمع نہیں ہوئے۔ ہر سال 2 کروڑ ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا گیا مگر اس میں بھی مرکزی حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی۔ن