تلنگانہ کا اگلا بجٹ الیکشن بجٹ ہوگا

   

ریاستی حکومت کے اقدامات پر مرکز کی گہری نظر
حیدرآباد۔22فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ ماہ پیش کیا جانے والا بجٹ 2022-23 الیکشن بجٹ ہوگا! تلنگانہ راشٹر سمیتی کی سرگرمیوں اور حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر مرکزی حکومت گہری نظر رکھے ہوئے اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ آیا چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ وسط مدتی انتخابات کی سمت بڑھ رہے ہیں یا محض قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے بجٹ پر مرکزی حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے اور یہ تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ریاستی حکومت بجٹ کے دوران عوامی فلاح و بہبود کی اسکیمات کے علاوہ کن نئے منصوبوں کے اعلان کا ارادہ رکھتی ہے کیونکہ مرکزی حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین کا احسا س ہے کہ تلنگانہ راشٹرسمیتی سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ وسط مدتی انتخابات کی راہ ہموار کرنے کیلئے قبل از وقت اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ کرسکتے ہیں اور مجوزہ بجٹ الیکشن بجٹ کے طور پر پیش کیا جائے گا یا پھر چند ماہ بعد عبوری بجٹ کی پیشکشی کے حالات پیدا کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے چندر شیکھر راؤاترپردیش کے علاوہ دیگر 4 ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کریں گے لیکن اب تک جو منصوبہ بندی کی گئی اس کے مطابق کہا جا رہاہے کہ کے چندر شیکھر راؤجاریہ سال کے اواخر میں جب گجرات ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہوں گے اس کے ساتھ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کی حکمت عملی تیار کئے ہوئے ہیں۔ریاستی بی جے پی قائدین کی جانب سے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی عاجلانہ وسط مدتی انتخابات حکمت عملی کا مرکزی بی جے پی قائدین کے ساتھ مسلسل تبادلہ خیال جاری ہے اور گذشتہ دنوں کے دوران تلنگانہ راشٹر سمیتی سربراہ کی قومی سیاست میں مصروفیت میں ہونے والے اضافہ کے ساتھ اب تلنگانہ میں بی جے پی قائدین کی توجہ میں بھی مزید اضافہ ہونے لگا ہے۔م