تلنگانہ کا چوتھا شہرسرمایہ کاری کیلئے موزوں مقام : ریونت ریڈی

,

   

نیویارک کے ہندوستانی کونسلیٹ میں صنعت کاروں سے ملاقات، کئی شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی دعوت
حیدرآباد۔/6 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نیویارک میں مختلف بین الاقوامی اداروں کے چیف ایگزیکیٹو آفیسرس اور تاجر برادری کے ساتھ اجلاس میں شرکت کرکے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔ نیویارک میں ہندوستانی کونسلیٹ جنرل کی جانب سے لنچ پر اجلاس کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں کئی اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ سرمایہ کاری کیلئے موزوں مقام ہے۔ اجلاس میں 20 کمپنیوں کے صدورنشین، چیف ایگزیکیٹو آفیسرس نے شرکت کی جن کا تعلق فارما، انفارمیشن ٹکنالوجی، بائیوٹیک، شپنگ، جی سی سی اور ای وی جیسے شعبہ جات سے ہے۔ ریونت ریڈی نے حیدرآباد کی تاریخی اہمیت اور حکومت کی جانب سے صنعتی ترقی سے متعلق منصوبے کی تفصیلات پیش کی اور کہا کہ میں یہاں دل کی گہرائیوں کے ساتھ آپ سے گفتگو کررہا ہوں تاکہ میری ریاست کے خوابوں و عوام کی توقعات اور امیدوں سے واقف کراؤں۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے یہ میرا پہلا دورہ امریکہ ہے، مجھے امید ہے کہ میں آپ تمام سے زیادہ سے زیادہ ڈالرس حاصل کرکے وطن واپس ہوں گا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں صنعتی ترقی کے امکانات بیان کئے اور کہا کہ تلنگانہ سرمایہ کاری کیلئے بہتر مقام ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سافٹ ویر، لائف سائنسیس و فارما شعبہ جات میں ایک مضبوط مرکز کا موقف اختیار کرچکا ہے۔ ایرواسپیس، ڈیفنس، الیکٹرانکس اور دیگر شعبہ جات کیلئے حیدرآباد کی منفرد شناخت ہے۔ ہم نے کوویڈ سے نمٹنے کیلئے دنیا کو ویکسن فراہم کی جس کے نتیجہ میں کئی ممالک میں عوام کو ویکسن دی جاسکی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ حیدرآباد 450 سالہ عظیم تاریخ کا حامل شہر ہے جسے قطب شاہی حکمرانوں نے بسایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور حیدرآباد کی تاریخ یکساں ہے۔ انہوں نے حیدرآباد کے مضافات میں چوتھا شہر بسانے کے منصوبہ سے واقف کرایا اور کہا کہ چوتھا شہر تلنگانہ کا مستقبل کا شہر ہوگا اور یہ ہندوستان کا پہلا نیٹ زیرو کاربن سٹی رہے گا۔ آرٹیفیشل انٹلیجنس، میڈیکل ٹورازم، اسپورٹس اور فارما شعبہ جات کیلئے فیوچر سٹی اہم مرکز ثابت ہوگا۔ حکومت نئی صنعتی پالیسی تیار کررہی ہے تاکہ صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کا مطلب تجارت ہے اور ہم اسے درست ثابت کریں گے۔ انہوں نے صنعت کاروں سے کہا کہ آپ میرے شہر اور ریاست کو آیئے تاکہ باہم بیٹھ کر عظیم مستقبل اور امکانات پر بات کرینگے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے حیدرآباد میں مختلف شعبہ جات کیلئے موجود امکانات اور ترقی سے متعلق چیف منسٹر کے ویژن کا حوالہ دیا۔ کئی صنعت کاروں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ لنچ میٹنگ میں شرکت کرنے والوں میں رونالڈ ایل ورک لیرن سینئر وائس پریسیڈنٹ کارننگ، دنیش پلیوال پارٹنر کے کے آر، ایکرم سرپار ہیڈ آف انٹر نیشنل پبلک پالیسی سیگنا، بل نونان چیف بزنس ڈیولپمنٹ آفیسر چوز نیوجرسی، ڈاکٹر ایس وی انچن چیرمین سیف سی گروپ، سنجیو آہوجہ فاؤنڈر چیرمین و سی ای او ٹل میان ہولڈنگس، چنٹو پٹیل سی ای او ایمنیل فارما، روی لوچھان پولا ایگزیکیٹو ڈائرکٹر جے پی مارگن چیز، سبا راؤ ایگزیکیٹو وائس پریسیڈنٹ اکوا ٹیک، امیت کمار منیجنگ ڈائرکٹر اسینچر، پونیت لوچن منیجنگ ڈائرکٹر ڈیلائیٹ، ویرا بدھی چیف ٹکنالوجی آفیسر ہابیٹس، سری اٹلوری منیجنگ ڈائرکٹر بی این وائی میلان، ڈاکٹر جوناتھن ہل ڈین اسکول آف کمپیوٹر سائینس پیس یونیورسٹی ، ارون اوپادھیائے چیف سائینٹفک آفیسر اینڈ ہیڈ آف ریسرچ اوکوجین، سوامی کوچرلا کوٹا ایگزیکیٹو وائس پریسیڈنٹ ایس اینڈ پی گلوبل اور مس اشونی پنسے منیجنگ ڈائرکٹر انٹر نیشنل ایکسچینج شامل ہیں۔ چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری اور پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن موجود تھے۔1

ریونت ریڈی کا نیویارک ٹائم اسکوائر اسٹریٹ کا دورہ
حیدرآباد6اگست(یواین آئی) ریاست میں سرمایہ کاری کوراغب کرنے امریکہ کے دورہ میں مصروف چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے نیویارک کے ٹائم اسکوائر اسٹریٹ کا دورہ کیا جہاں ان کی تصاویرلگائی گئی تھیں۔انہوں نے اس کی ستائش کی۔ان کی تصاویر سے متعلق ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت نے حیدرآباد میں ٹائم اسکور کی طرح ٹی اسکوائر کے نام سے ایک ہمہ مقصدی مرکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔