تلنگانہ کابینہ میں عنقریب توسیع متوقع

   

حیدرآباد۔/16جنوری، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کی چندر شیکھر راؤ کابینہ میں بہت جلد توسیع متوقع ہے۔ حکمراں ٹی آر ایس کے ذرائع نے یہ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ منگل کو سنکرانتی تہوار کے ساتھ نیک شگون سمجھے جانے والے دنوں کا آغاز ہوا ہے ۔ اسمبلی سیشن جمعرات سے شروع ہورہا ہے جس میں نئے ارکان کو حلف دلایا جائے گا اور بہت جلد کابینہ میں توسیع کی توقع ہے۔ اسمبلی کے 7 ڈسمبر کو منعقدہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار فتح کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں دو رکنی کابینہ نے 13 ڈسمبر کو حلف لیا تھا۔ کے سی آر کے ساتھ محمد محمود علی کو حلف دلایا گیا تھا جنہیں داخلہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ مکمل کابینہ کے نہ ہونے پر بی جے پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مذمت کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مختلف مسائل پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کررہے ہیں۔ وہ کئی آبپاشی پراجکٹوں کا معائنہ کرتے ہوئے ان کی تعمیر پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ بھی لے چکے ہیں۔ چندر شیکھر راؤ بحیثیت چیف منسٹر دوسری میعاد کیلئے جائزہ لینے کے بعد غیر کانگریس اور غیر بی جے پی وفاقی محاذ کی تشکیل کیلئے اپنی کوششوں کا از سر نو آغاز کرچکے ہیں۔ اس ضمن میں وہ مغربی بنگال اور اڈیشہ میں اپنے ہم منصبوں بالترتیب ممتا بنرجی اور نوین پٹنائیک سے ملاقات کرچکے ہیں۔