تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس‘ مجالس مقامی انتخابات اور دیگر امور کا جائزہ

   

حیدرآباد۔ 15 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس کل 16 جون کو سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سکریٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کریں گے۔ مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے کابینہ میں اہم فیصلے کا امکان ہے۔ حکومت پنچایت راج اداروں کے علاوہ ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی اور میونسپلٹیز کے انتخابات کو مرحلہ وار مکمل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پنچایت راج اداروں کیلئے نوٹیفکیشن عنقریب جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کابینی اجلاس میں مجالس مقامی انتخابات کے نوٹیفکیشن کے علاوہ تحفظات کی فراہمی اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ کسانوں کیلئے رعتو بھروسہ اسکیم فنڈس کی اجرائی کابینہ کے ایجنڈہ میں شامل ہے۔ کابینہ میں تین نئے وزراء کی شمولیت کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے جس میں وی سری ہری، ویویک وینکٹ سوامی اور لکشمن کمار کا استقبال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیمات پر عمل خاص طور پر راجیو یووا وکاسم اسکیم پر عمل کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ موصولہ درخواستوں کی جانچ کا کام جاری ہے۔ 2 جون سے استفادہ کنندگان کو منظوری لیٹرس کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن بعض وجوہات کے سبب عمل کو روک دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے مرحلہ میں 50 ہزار تا ایک لاکھ روپے سبسیڈی کی اجرائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ 1