اسمبلی کے خصوصی اجلاس ، سرکاری ملازمین کے ڈی اے اور دیگر امور ایجنڈہ میں شامل
حیدرآباد ۔25۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اہم اجلاس کل 26 اکتوبر کو سہ پہر 4 بجے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ وزیر مال سرینواس ریڈی کے دورہ جنوبی کوریا کے پیش نظر کابینہ کے اجلاس کی تاریخ 23 اکتوبر سے 26 اکتوبر تبدیل کردی گئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراضیات سے متعلق نئے قانون کو منظوری دی جائے گی اور سرکاری ملازمین کے زیر التواء ڈی اے کی اجرائی کے بارے میں بھی فیصلہ ہوگا۔ حکومت حیڈرا اور موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر مباحث کیلئے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ توقع ہے کہ کابینہ میں اسمبلی اجلاس کی تاریخوں کو طئے کیا جائے گا ۔ جاریہ ماہ کے اواخر یا نومبر کے پہلے ہفتہ میں خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے دونوں اہم پراجکٹس پر اپوزیشن کو اظہار خیال کا موقع دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حیڈرا کو اختیارات سے متعلق آرڈیننس کو اسمبلی میں بل کے طور پر منظوری دی جائے گی۔ کسانوں کی قرض معافی ، رعیتو بھروسہ اور انتخابی وعدوںکی تکمیل پر غور کیا جائے گا۔ ریاست کی موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر حکومت سرکاری ملازمین کو دو ڈی اے کی اقساط منظور کرنے پر غور کر رہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اکتوبر کی تنخواہ کے ساتھ دو ڈی اے ادا کئے جائیں گے۔ جولائی 2022 سے سرکاری ملازمین کو ڈی اے کی ادائیگی باقی ہے۔سابق بی آر ایس حکومت نے کمزور مالی موقف کا بہانہ کرتے ہوئے ڈی اے ادا نہیں کیا تھا۔ کابینہ میں قرض معافی اسکیم کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع واری سطح پر اسکیم سے استفادہ کرنے والے کسانوں اور ان کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کردہ رقم کی تفصیلات کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مہم کا مقابلہ کرنے کیلئے کابینہ میں حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ 1