تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور ۔ ہنمنت راؤ پر برہم

   

اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو سے رپورٹ طلب
وجہ نمائی نوٹس جاری کرنے کا قوی امکان
حیدرآباد : تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور نے پردیش کانگریس کی صدارت کے عمل پر پارٹی کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ کے ریمارکس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ امور بوس راجو سے اس پر رپورٹ طلب کی ہے۔ واضح رہیکہ وی ہنمنت راؤ نے ریونت ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کا صدر نامزد کرنے پر پارٹی سے مستعفی ہوجانے کا انتباہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی پارٹی ہائی کمان کو مینیج کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کا مانکیم ٹیگور نے سخت نوٹ لیتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائدین کو ڈسپلن کا حدود ہرگز نہیں پار کرنا چاہئے۔ پارٹی میں اظہارخیال کی جو آزادی ہے اس کا بیجا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ ہنمنت راؤ کے ریمارکس سیاسی حلقوں میں کافی وائرل ہوگئے ہیں جس پر مانکیم ٹیگور نے ٹیلیفون پر پارٹی کے چند قائدین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا بھی اظہار کیا ہے۔ پارٹی صدر کے انتخاب کے معاملے میں ہائی کمان کے اپنائے ہوئے اصولوں پر انگلی اٹھانے کی سخت مذمت کی ہے۔ امکان ہیکہ اس مسئلہ پر کانگریس کے قائد وی ہنمنت راؤ کو وجہ نمائی نوٹس بھی جاری کی جاسکتی ہے۔ اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ امور بوس راجو نے بھی تلنگانہ کے چند سینئر قائدین سے تبادلہ خیال کیا ہے اور کہا کہ پارٹی کے حلقوں میں کسی بھی مسئلہ پر بات چیت کرنے کی ہر کسی کو آزادی ہے مگر میڈیا میں کھلے عام تبصرے کرنے پارٹی قائدین کو تنقیدوں کا شکار بنانے اور الزامات عائد کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے۔ بوس راجو نے ہنمنت راؤ کے ریمارکس سے متعلق تمام اخبارات کے تراشے اور ویڈیو کلپس مانکیم ٹیگور کو روانہ کردیئے ہیں۔