تلنگانہ کو الاٹ کردہ برقی ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جائیں

   

سپریم کورٹ کی تلنگانہ حکومت کو ہدایت، تنازعہ کیلئے کمیٹی سے رجوع ہونے کا مشورہ
حیدرآباد۔یکم ؍ مئی، ( سیاست نیوز) برقی ملازمین کی تقسیم کے مسئلہ پر دائر کردہ درخواست کی سپریم کور ٹ میں سماعت کی گئی۔ سپریم کورٹ نے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی کہ حال ہی میں آندھرا پردیش سے ریلیو کئے گئے 584 برقی ملازمین کو برقی اداروں کے ذریعہ تنخواہیں ادا کی جائیں۔ عدالت نے کہا کہ اگر ملازمین کے الاٹمنٹ پر کوئی اعتراض ہے تو اس سلسلہ میں مرکز کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی سے رجوع ہوں۔ موجودہ صورتحال میں ملازمین کو تنخواہیں ادا کردی جائیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وہ درخواست کی میرٹ کے بارے میں کچھ کہنا نہیں چاہتے۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش سے ریلیو کئے گئے 584 برقی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے سابق میں بھی سپریم کورٹ نے ہدایت دی تھی۔ تلنگانہ حکومت نے اس فیصلہ پر اعتراض کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست نظر ثانی دائر کی۔ سپریم کورٹ نے حکومت کو دوبارہ ہدایت دی کہ وہ ملازمین کی تنخواہیں ادا کریں اور ملازمین کے الاٹمنٹ پر اعتراض کو کمیٹی سے رجوع کریں۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد برقی ملازمین کی تقسیم کا عمل مکمل نہیں ہوا تھا۔ آندھرا پردیش حکومت نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 584 ملازمین کو تلنگانہ برقی اداروں کیلئے الاٹ کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ان ملازمین کو قبول کرنے سے تلنگانہ انکار کررہا ہے۔ تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ زیر التواء تھا جس پر سپریم کورٹ کو احکامات جاری کرنے پڑے۔