تلنگانہ کو اندرون ایک ماہ ڈرگس سے پاک بنایا جائے گا

   

وزیر ایکسائیز سرینواس گوڑ کاعزم، پڑوسی ریاستوں سے منتقلی روکنے سخت چوکسی
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر ایکسائیز وی سرینواس گوڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ماہ میں تلنگانہ کو ڈرگس سے پاک کردیا جائے گا اور اس سلسلہ میں محکمہ ایکسائیز کے عہدیداروں نے منصوبہ بند حکمت عملی کے تحت کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ سرینواس گوڑ نے آج حیدرآباد میں ایکسائیز عہدیداروں کو تہنیت پیش کی جنہوں نے 2 کروڑ روپئے مالیتی 5 کیلو ممنوعہ ڈرگس کو ضبط کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے عہدیداروں کی ستائش کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کو ڈرگس سے پاک بنانے کی ہدایت دی ہے اور اسی مقصد کی تکمیل کیلئے ریاست بھر میں پروہبیشن اینڈ ایکسائیز کے عہدیداروں نے کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ ریاست میں گانجہ، ڈرگس اور دیگر ممنوعہ منشیات کی فروخت کو روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر دھاوے کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں پولیس سے مدد حاصل کی گئی ہے۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ حیدرآباد میں بھی منشیات کی فروخت کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ڈرگس کی تیاری بلکہ اسے منتقل کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کیلئے عہدیداروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیویڈ روی کانت، ایڈیشنل کمشنر چندریا کو تہنیت پیش کی گئی۔ میڑچل ملکاجگیری کے ایکسائیز سپرنٹنڈنٹ وجئے بھاسکر نے 2 کروڑ روپئے مالیتی ڈرگس کی ضبطی سے متعلق تفصیلات سے ریاستی وزیر کو واقف کرایا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آندھرا، چھتیس گڑھ اور اوڈیشہ سے گانجہ اور ڈرگس کی منتقلی کو روکنے کیلئے سرحدی علاقوں میں سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ وزیر ایکسائیز نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کسی قسم کے تساہل سے گریز کریں اور فروخت اور منتقلی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 30 دنوں میں تلنگانہ کو ڈرگس سے پاک بنانے کے مشن کے تحت عہدیداروں کو کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی پر عہدیداروں کو ایوارڈ اور انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈرگس کی سربراہی میں ملوث افراد کے بارے میں حکومت کو اطلاع دیں اور ان کے نام راز میں رکھے جائیں گے۔ ر
وزیر ایکسائیز نے یقین ظاہر کیا کہ پڑوسی ریاستوں سے ڈرگس کی منتقلی کو روکنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔ر