کیرالا کی طرز پر سیاحتی مقامات کی ترقی ، ورکشاپ سے ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے تمام تر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحتی شعبہ کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ رکھتی ہے ۔ تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے زیر اہتمام ٹورازم اینڈ ویژن 2026 کے عنوان پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے حکومت نے سیاحتی مقامات کی ترقی کا فیصلہ کیا ہے ۔ ورکشاپ میں سیاحت کے فروغ سے متعلق مستقبل کے روڈ میاپ پر مباحث ہوئے۔ جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا ایک گلوبل ولیج میں تبدیل ہوچکی ہے۔ تلنگانہ میں قدرتی طور پر کئی ایسے مقامات موجود ہیں جنہیں سیاحت کیلئے فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے دنیا کی نظریں تلنگانہ کی طرف ہیں۔ انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں میں ترقی کے فرق کو ختم کرنے کیلئے تہذیب و ثقافت کے تبادلہ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی تہذیب اور روایات کے علاوہ طرز زندگی اور روایتی غذاؤں سے سیاحوں کو ہم آہنگ کیا جائے گا۔ وزیر سیاحت نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سیاحتی شعبہ میں رہائشی سہولتوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سیاح کم از کم 48 گھنٹے تک قیام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا کی طرز پر تلنگانہ میں سیاحت کو فروغ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رہائش غذا اور ٹرانسپورٹ جیسی خدمات میں کوئی مفاہمت نہیں ہوگی۔ جوپلی کرشنا راؤ نے آئی ٹی راہداری شاپنگ مالس اور تعلیمی اداروں نے تلنگانہ میں سیاحتی مقامات سے متعلق شعور بیداری کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ ورکشاپ میں ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین پٹیل رمیش ریڈی ، مینجنگ ڈائرکٹر وی کرانتی ، ڈائرکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر ارجن راؤ اور دوسروں نے شرکت کی ۔ ورکشاپ میں مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ ٹورازم آفیسرس نے بھی حصہ لیا۔1