18 ماہ میں 60 ہزار نئے روزگار، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو کا خطاب
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ کو لائیف سائنسیس کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ سریدھر بابو نے ای ٹی فارما ٹیک اننوویشن کانکلیو کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سریدھر بابو نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے رجحان میں تیزی سے اضافے اور حکومت کی جانب سے صنعت کو دی جانے والی رعایتوں اور سہولتوں کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ میں کانگریس حکومت نے 50 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے اور 60 ہزار نئے روزگار کے مواقع پیدا کئے گئے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت 2024-25 میں لائیف سائنسیس کے شعبہ میں 66 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی توقع کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد دنیا بھر میں ویکسین کے دارالحکومت کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتا ہے کیونکہ دنیا بھر میں سربراہ کئے جانے والا ایک تہائی ویکسین حیدرآباد میں تیار ہوتا ہے۔ سریدھر بابو نے کوویڈ بحران کے دوران تلنگانہ کی کمپنیوں کی جانب سے دنیا بھر میں ویکسین کی سربراہی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ طبی آلات کی تیاری کا اہم مرکز ہے جو 89 ممالک کو سربراہ کئے جاتے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ امریکہ اور جاپان جیسے ممالک کو بھی طبی آلات کی سربراہی عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت دیہی اور شہری علاقوں میں میڈیکل انفراسٹرکچر شعبہ کے فروغ کے ذریعہ تقریباً 5 لاکھ نئے روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وقار آباد، نلگنڈہ اور میدک میں فارما ولیجس قائم کئے جائیں گے۔ عالمی معیار کے کورسیس کے ساتھ لائیف سائنسیس یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے ذریعہ نوجوانوں کو مختلف اسکل ڈیولپمنٹ کورسیس کی تربیت دی جارہی ہے۔ ڈاکٹر ریڈیز اور آروبندو جیسی کمپنیوں کی جانب سے سائنس گریجویٹس کو تربیت دی جارہی ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ایک جامع لائیف سائنسیس پالیسی تیار کررہی ہے تاکہ عالمی سرمایہ کاری کو دعوت دی جائے۔ آرٹیفیشل انٹلی جنس پر مبنی کینسر اسکریننگ پائیلٹ پروگرامس تجرباتی طور پر تین اضلاع میں شروع کئے گئے ہیں جن کے ذریعہ کینسر کی تشخیص کی جارہی ہے۔ تمام سرکاری ہاسپٹلس میں اس سہولت کو توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔ 1