تلنگانہ کو وصول طلب 2641 کروڑ کی آئی جی ایس ٹی فوری جاری کریں

   

آئی جی ایس ٹی گروپ آف منسٹری کے اجلاس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ حصہ لیتے ہوئے ہریش راؤ کی اپیل
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ کو وصول طلب 2641 کروڑ روپئے کے آئی جی ایس ٹی کے بقایا جات فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر و کنوینر آئی جی ایس ٹی گروپ آف منسٹرس سشیل کمار مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ آئی جی ایس ٹی گروپ آف منسٹرس کا اجلاس طلب کیا ۔ بی آر کے بھون سے ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو وصول طلب 2641 کروڑ روپئے فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کونسل نے 2638 کروڑ آئی جی ایس ٹی جاری کرنے کا حساب بتایا ہے ۔ ریاست کو جاری ہونے والے آئی جی ایس ٹی میں 3 کروڑ روپئے کی کمی بتائی جارہی ہے ۔ ریاست کے عہدیدار اس کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے ائی جی ایس ٹی گروپ آف منسٹرس کمیٹی کے کنوینر سشیل کمار مودی سے خواہش کی کہ وہ ایک ہفتہ میں اس کی اجرائی کے لیے سفارش کردیں ۔ آئندہ ماہ 5 اکٹوبر کو جی ایس ٹی کونسل کا اجلاس منعقد ہونے والا ہے ۔ اس سے قبل ریاستوں کو وصول طلب آئی جی ایس ٹی کے بقایا جات جاری کردیں ۔ کورونا بحران کی وجہ سے معاشی بحران کا سامنا کرنے والے ریاستوں کو بقایا جات کی ادائیگی سے بہت بڑی راحت حاصل ہوگی ۔ اگر آئندہ جی ایس ٹی کے اجلاس میں اس پر فیصلہ نہیں کیا گیا تو مزید تین ماہ انتظار کرنا پڑے گا لہذا وہ ریاستوں کو آئی جی ایس ٹی کی اجرائی کے لیے سفارش کریں ۔ ہریش راؤ کی تجویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کرنے والے سشیل کمار مودی نے یکم اکٹوبر کو پھر ایکبار آئی جی ایس ٹی گروپ آف منسٹرس کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سال 2018 سے ریاست تلنگانہ کے بشمول مزید 16 ریاستوں کو 25058 کروڑ روپئے آئی جی ایس ٹی وصول طلب ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 8 ریاستوں سے وصول کئے جانے والے 1015 کروڑ روپئے کنسلٹیڈ فنڈ سے مستقبل میں ادا کرتے وقت آڈجسٹ کریں ۔ اس کے علاوہ 18 ریاستوں سے ریکوری کیے جانے والے کمپازینشن فنڈ سے ان ریاستوں کو مستقبل میں ادائیگی کے وقت آڈجسٹ کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس اجلاس میں ریاستی محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری رام کرشنا راو ، محکمہ ٹیکس کے کمشنر نیتو کماری پرساد کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔۔