حیدرآباد 12 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں آج جمعہ کو ایک دن میں کورونا کے 164 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ تما م مقامی مریض ہیں اور ان میں کوئی بھی مائیگرنٹ یا بیرون ملک سے آنے والے افراد شامل نہیں ہیں۔ اب تک ریاست میں 4035 مقامی اور 449 مائیگرنٹ و بیرون ملک سے آئے افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اس طرح جملہ متاثرین کی تعداد 4484 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں کورونا سے 9 اموات کی بھی اطلاع ہے ۔ اب تک اس سے مرنے والوں کی تعداد 174 تک جا پہونچی ہے ۔ ریاست میں جملہ 2278 افراد کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے اور 2032 افراد اب بھی دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ ریاستی حکومت کے بلیٹن میں کہا گیا کہ 164 نئے پازیٹیو کیسوں میں 133 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے ہے ۔ میڑچل و رنگا ریڈی اضلاع سے چھ چھ کیس رپورٹ ہوئے جبکہ سنگاریڈی سے چار مریضوں کی اطلاع ہے ۔ نظام آباد میں تین افراد پازیٹیو پائے گئے ۔ محبوب نگر ‘ کریمنگر اور ملگ سے دو دو مریضوں کی اطلاع ہے ۔ سدی پیٹ ‘ یادادری ‘ منچریال ‘ کاما ریڈی ‘ میدک و ونپرتی میں ایک ایک شخص کورونا متاثر پایا گیا ۔