حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے کیسس میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 2751 کیسس منظر عام پر آئے ہیں جبکہ 9 اموات واقع ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جمعرات اور جمعہ کی تفصیلات پر مشتمل ہیلت بلیٹن جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ تلنگانہ میں کورونا پازیٹیو کیسس کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 20 ہزار 166 ہوچکی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1675 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 89350 ہوچکی ہے۔ 9 اموات کے ساتھ ریاست میں تاحال 808 اموات درج کی گئیں۔ محکمہ صحت نے تلنگانہ میں ریکوری کا تناسب 74.3 فیصد ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ تلنگانہ میں ایکٹیو کیسس کی تعداد 30,000 ہے جن میں 23049 افراد ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ گذشتہ دو دن میں 62300 کورونا ٹسٹ کئے گئے اور کورونا کے رونما ہونے کے بعد سے اب تک 12 لاکھ 66 ہزار 643 ٹسٹ کئے گئے ہیں۔ گذشتہ دو دن کے دوران کئے گئے ٹسٹوں میں 1010 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ کورونا کیسس کے اعتبار سے گریٹر حیدرآباد بدستور سرفہرست ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں 432 نئے کیسس درج کئے گئے۔ اضلاع میں رنگاریڈی، کریم نگر، کھمم ، نظام آباد، ملکاجگیری، نلگنڈہ، سوریا پیٹ اور ورنگل ( اربن ) میں کیسس کی تعداد میں اضافہ کا رجحان برقرار ہے۔ اضلاع میں کتہ گوڑم 72، جگتیال 88 ، جنگاؤں 42 ، گدوال 39 ، کاماریڈی 65 ، کریم نگر 192، کھمم 132، محبوب نگر 64 ، محبوب آباد 75، منچریال 86 ، ملکاجگیری 128 ، ناگرکرنول 54، نلگنڈہ 147 ، نرمل 43 ، نظام آباد 113، پداپلی 97 ، سرسلہ 48 ، رنگاریڈی 185، سنگاریڈی 42 ، سدی پیٹ 96 ، سوریا پیٹ 111، ونپرتی 63، ورنگل ( اربن ) 101 اور بھونگیر میں 58 نئے کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ محکمہ صحت نے روزانہ 60,000 ٹسٹوں کا نشانہ مقرر کیا ہے اور ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد سے کورونا کے کیسس میں بھی اضافہ درج کیا گیا۔