تلنگانہ ‘کورونا کے 2909 نئے کیس‘6 اموات

   

چیف منسٹر کی ہدایت پر سرکاری ملازمین کو ٹیکہ دینے کی تیاریاں
حیدرآباد :۔ ریاست میں دن بہ دن کورونا کے پازیٹیو کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ کل رات 8 بجے ریاست میں کورونا کے 2909 نئے کیسیس درج ہوئے اور 6 اموات ہوئی جس سے جملہ متاثرین کی تعداد 3.24 لاکھ اور مرنے والوں کی تعداد 1752 تک پہونچ گئی ہے ۔ تاحال 3.04 لاکھ افراد وبا سے مکمل صحت یاب ہوئے ہیں ۔ ریاست میں 17,791 سرگرم کیسیس ہیں اور 11,495 متاثرین ہوم آئسولیشن میں ہیں ۔ ریاست بھر میں کورونا کے کیسیس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ سب سے زیادہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں 487 کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ ضلع میڑچل میں 289 اور ضلع ملکاجگری میں 289 ضلع رنگاریڈی میں 225 ، نظام آباد میں 202 درج ہوئے ہیں ۔ تلنگانہ میں ایک دن کے دوران 1,11,726 لاکھ کورونا ٹسٹ کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے بعد مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور عملہ کو ٹیکہ دینے کی تیاریوں کے انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ مختلف محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 15 اپریل تک تمام سرکاری ملازمین کو ٹیکہ دینے کے انتظامات کریں ۔ محکمہ صحت کی جانب سے سرکاری دفاتر کو کورونا ٹسٹنگ کے موبائل ویان روانہ کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ہر ڈپارٹمنٹ اپنی اپنی طرف سے کوشش کررہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی اور آر ٹی سی کے علاوہ دوسرے محکمہ جات اور کارپوریشنس اپنی اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔ پولیس کی جانب سے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔