تلنگانہ کی 9 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کیلئے سرچ کمیٹیوں کی تشکیل

   

ہر یونیورسٹی کیلئے حکومت کو تین ناموں کی سفارش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ کی 9 یونیورسٹیز کے وائیس چانسلرس کے انتخاب کیلئے سرچ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ سکریٹری محکمہ اعلی تعلیم بی جناردھن ریڈی نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کیے۔ ہر یونیورسٹی کی سرچ کمیٹی میں تین ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیلئے تشکیل سرچ کمیٹی میں پروفیسر محمد سلیمان صدیقی، پروفیسر ناگیشور رائو وائس چانسلر اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی اور سومیش کمار آئی اے ایس اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ ریونیو شامل ہیں۔ شاتاواہنا یونیورسٹی کریم نگر کے وائس چانسلر کیلئے تشکیل سرچ کمیٹی میں پروفیسر رامیشور رائو سابق وائس چانسلر جے این ٹی یو، پروفیسر سشما یادو رکن یو جی سی وائس چانسلر بھگت پول سنگھ مہیلا وشواودیالیا ہریانہ اور سومیش کمار آئی اے ایس شامل ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی وائس چانسلر کیلئے ڈاکٹر وجئے پرساد سابق ڈائرکٹر نیشنل جیو فزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، پروفیسر این جگدیش کمار وائس چانسلر جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دہلی اور سومیش کمار آئی اے ایس پر مشتمل پر سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد کے لیے سرچ کمیٹی میں پروفیسر وی ایس پرساد سابق ڈائرکٹر این اے اے سی، پروفیسر اپا رائو وائس چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد اور سومیش کمار آئی اے ایس، پالمور یونیورسٹی محبوب نگر کے لیے سرچ کمیٹی میں محمد سلیمان صدیقی، پروفیسر راکیش بھٹناگر فیلو انڈین اکیڈیمی آف سائسنس اور سومیش کمار آئی اے ایس، جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کے لیے سرچ کمیٹی میں پروفیسر پی جئے پرکاش رائو ریٹائرڈ پروفیسر آف کیمسٹری عثمانیہ یونیورسٹی، پروفیسر یوگیش سنگھ وائس چانسلر دہلی ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور سومیش کمار آئی اے ایس، مہاتما گاندھی یونیورسٹی نلگنڈہ کے لیے سرچ کمیٹی میں پروفیسر ٹی جئے پرکاش رائو ریٹائرڈ پروفیسر آف کیمسٹری، پروفیسر آر سی کوہڈ وائس چانسلر سنٹرل یونیورٹی ہریانہ اور سومیش کمار آئی اے ایس، کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کے لیے سرچ کمیٹی میں پروفیسر رامیشور رائو سابق وائس چانسلر جے این ٹی یو حیدرآباد، پروفیسر راگھویندر پی تیواری رکن یو جی سی اور وائس چانسلر ڈاکٹر ہری سنگھ گوڑ وشواودیالیہ مدھیہ پردیش اور سومیش کمار آئی اے ایس اور پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لیے تشکیل شدہ سہ رکنی کمیٹی میں پروفیسر وی ایس پرساد سابق ڈائرکٹر این اے اے سی، پروفیسر ٹی تیروپتی رائو سابق وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی اور سومیش کمار آئی اے ایس شامل ہیں۔ حکومت نے تمام 9 یونیورسٹیوں کی کمیٹیوں میں اپنے نمائندے کے طور پر سینئر آئی اے ایس عہدیدار سومیش کمار کو نامزد کیا ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری ریونیو ڈپارٹمنٹ سرچ کمیٹیوں کا اجلاس جلد طلب کریں اور حکومت کو ہر یونیورسٹی کے لیے حکومت کو تین ناموں کی سفارش کریں گے۔ سرچ کمیٹی کے ٹی اے ڈی اے اور دیگر اخراجات متعلقہ یونیورسٹی کے فنڈس سے ادا کیے جائیں گے۔