تلنگانہ کی ایک اور کمپنی نے کوروناٹیکہ تیار کیا وزیر کے ٹی آر کی مبارکباد

   

حیدرآباد29دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ کے وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا ہے کہ حیدرآباد کی بھارت بائیوٹیک کمپنی کے کورونا ٹیکے کوویکسن کے بعد ایک اور ٹیکہ تلنگانہ کی کمپنی بائیولوجیکل ای کی جانب سے تیار کیاجارہا ہے ۔انہوں نے اس خصوص میں کمپنی کی منیجنگ ڈائرکٹر مہیمادتلا اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے اس خصوص میں کئے گئے ٹوئیٹ میں کہا کہ بائیولوجیکل ای کا مقصد فروری 2022سے 100ملین ڈوز کی پیداوار ہے ۔اسی دوران ٹیکہ تیار کرنے والی اس دیسی کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس کو ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا(ڈی جی سی آئی)سے منظوری حاصل ہوئی ہے ۔ریلیز میں مزید کہاگیا ہے کہ کمپنی عالمی سطح پر ایک بلین اضافی ڈوز کی فراہمی اور حکومت ہند سے کئے گئے وعدہ کے مطابق 300ملین ڈوز فراہم کرنے کا نشانہ بھی رکھتی ہے۔اس ٹیکے کے انسانوں پر تیسرے مرحلہ کے تجربہ کاکام مکمل کرلیاگیا ہے ۔